Monday , April 23 2018
Home / جرائم و حادثات / مالک مکان میں سرقہ کرنے والا جوڑا گرفتار

مالک مکان میں سرقہ کرنے والا جوڑا گرفتار

ملزمین جیل منتقل ، گولکنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس نے مالک مکان کے گھر میں سرقہ کرنے والے گھریلو ملازم جوڑے کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ رسالہ بازار گولکنڈہ کے ساکن سید درویش الدین عادل نے گولکنڈہ پولیس میں ایک شکایت درج کرائی کہ 24 جنوری کو وہ اپنی بیوی کے ہمراہ ممبئی کیلئے روانہ ہوئے تھے، اور واپس لوٹنے پر مکان میں موجود 14 لاکھ روپئے نقد رقم اور 15 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کا پتہ چلا ہے۔ درخواست میں بتایا گیا کہ درویش الدین نے اپنے مکان میں ایک جوڑے مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے محسن قیوم شیخ اور اس کی بیوی یاسمین بیگم کو ملازمت پر رکھا تھا اور انہوں نے مکان میں سرقہ کی واردات انجام دی۔ گولکنڈہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سارقین جوڑے کی تلاش شروع کرکے گرفتار کرلیا ۔ تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا کہ بھاری نقد رقم اور طلائی زیورات کے سرقہ کے بعد قیوم شیخ اور اس کی بیوی یاسمین بیگم ملک کے مختلف مقامات کا سفر کیا اور بعدازاں پونے واپس لوٹ کر آرٹیفیشل جیویلری کے کاروبار کیلئے ایک تاجر سے معاہدہ بھی کیا۔ پولیس نے جوڑے کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ علاقہ عابڈس میں آدھار کارڈ بنوانے کی کوشش کررہے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 7 لاکھ روپئے مالیتی آرٹیفیشل جیویلری برآمد کرلیا جبکہ مزید مسروقہ مال برآمد کرنا ہنوز باقی ہے۔ گرفتار ملزمین کو جیل بھیج دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT