Thursday , August 16 2018
Home / Top Stories / مانسون سیشن میں خواتین تحفظات بل کی منظوری کو یقینی بنانے پر زور

مانسون سیشن میں خواتین تحفظات بل کی منظوری کو یقینی بنانے پر زور

کانگریس کی غیرمشروط تائید کی پیشکش ، وزیراعظم مودی کو راہول کا مکتوب

نئی دہلی ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے نام اپنا ایک مکتوب روانہ کیا جس میں 18 جولائی سے شروع ہونے والے پارلیمانی مانسون سیشن میں خواتین تحفظات بل کی منظوری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم کے نام اپنے مکتوب میں راہول گاندھی نے اس بل کی منظوری کیلئے اپنی پارٹی کی طرف سے غیرمشروط تائید کی پیشکش کی ۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ اب پارلیمنٹ اور ریاستی مقننہ میں خواتین کو ان کا مستحقہ مقام دینے اور حالات میں تبدیلی کا وقت آگیا ہے ۔ کانگریس کے سربراہ نے وزیراعظم پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کے اس سیشن میں ہی اس بل کی منظوری کو یقینی بنائیں تاکہ اس سال ہونے والے ریاستی اسمبلیوں کے اور آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں خواتین مزید بامعنی انداز میں حصہ لے سکیں۔ راہول نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ ’’جناب وزیراعظم آپ اپنی کئی ریلیوں اور عام جلسوں میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انھیں مزید بامعنی انداز میں عوامی زندگی میں شامل و سرگرم کرنے کیلئے اپنے جذبات و احساسات کا اظہا کرچکے ہیں‘‘ ۔ کانگریس کے صدر نے مزید لکھا کہ ’’خواتین کے کاز کیلئے آپ کے عزم و عہد کے مظاہرہ کیلئے اس سے بہتر اور کیا راستہ ہوسکتا ہے کہ ہم بھی خواتین تحفظات بل کی منظوری کیلئے آپ کی غیرمشروط تائید کی پیشکش کریں۔ نیز آنے والے پارلیمانی مانسون سیشن سے بہتر اور کونسا وقت ہوسکتا ہے ؟ ۔ مزید کوئی تاخیر ، آئندہ عام انتخابات سے قبل اس قانون پر عمل آوری کو ناممکن بناسکتی ہے ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ خواتین تحفظات بل جو 9 مارچ 2010 ء کو راجیہ سبھا میں منظور کی گئی تھی گزشتہ آٹھ سال سے لوک سبھا میں کسی نہ کسی بہانے منظوری سے محروم رکھی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT