Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ماویسٹوں کے انتباہ پر تلنگانہ و آندھرا پولیس کی چوکسی

ماویسٹوں کے انتباہ پر تلنگانہ و آندھرا پولیس کی چوکسی

وزراء اور منتخب نمائندوں کو احتیاط برتنے اور ضلعی دوروں سے پولیس کو مطلع کرنے کا مشورہ

وزراء اور منتخب نمائندوں کو احتیاط برتنے اور ضلعی دوروں سے پولیس کو مطلع کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ماویسٹوں کے انتباہ کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ وزراء اور عوامی منتخب نمائندوں کو احتیاط برتنے اور اضلاع کے دورے سے قبل پولیس کو اطلاعات دینے کا مشورہ دیا ہے ۔ ماویسٹ تنظیم کے ترجمان جگن نے ریاست تلنگانہ کے آلیر اور آندھرا پردیش کے سیشا چلم انکاونٹرس کو فرضی قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو انتباہ دیا ہے ۔ جگن نے تلنگانہ حکومت اور پولیس سے استفسار کیا کہ 5 زیر دریافت مسلم قیدی جن کے ہاتھوں میں ہتھکڑی اور پیروں میں بیڑیاں تھیں اور انہیں پولیس کی مکمل سیکوریٹی میں جیل سے عدالت روانہ کیا جارہاتھا وہ پولیس پر کس طرح حملہ کرسکتے ہیں۔ انکاونٹر پر پولیس نے جو کہانی تیار کی ہے وہ ناقابل قبول ہے ۔ بلکہ یہ فرضی انکاونٹر ہے جس کے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پوری طرح ذمہ دار ہیں ۔ ماویسٹ ترجمان نے آندھرا پردیش کے سیشا چلم انکاونٹر کو فرضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے 20 مزدوروں کو ہلاک کرتے ہوئے اس کو انکاونٹر قرار دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس فرضی انکاونٹر کے لیے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں ۔ جگن نے کہا کہ ٹی آر ایس اور تلگو دیشم حکومتیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں انسانی حقوق کی مکمل خلاف ورزی کررہی ہیں ۔ ماویسٹوں کے انتباہ کے بعد دونوں ریاستوں کی پولیس چوکس ہوگئی ہے ۔ انٹلی جنس مختلف زاویوں سے ان دونوں انکاونٹرس کا جائزہ لے رہی ہے ۔ سیشا چلم انکاونٹرس پر تلگو دیشم کے کئی وزراء اور قائدین نے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اس کو حق بجانب قرار دیا ہے ۔ اس پر بھی ماویسٹوں میں برہمی پائی جاتی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ دونوں ریاستوں کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کا علحدہ علحدہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ہے ۔ دونوں ریاستوں کی پولیس نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے وزراء اور منتخب عوامی نمائندوں کو نکسلائٹس سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرنے کے معاملے میں احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے ۔ زیادہ تر انہیں حیدرآباد یا اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اگر متاثرہ اضلاع کے دورے کررہے ہیں تو اس کی ماقبل اطلاع پولیس کو دینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT