Sunday , May 27 2018
Home / شہر کی خبریں / ماہ رمضان میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی کوشش

ماہ رمضان میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی کوشش

ٹریفک پولیس کا مساجد کی کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے اجلاس ، انتظامات پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ /11 مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے عین قبل حیدرآباد ٹریفک پولیس پرانے شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی کوششوں کا آغاز کرچکی ہے ۔ اس ضمن میں آج پرانے شہر کے مساجد کی کمیٹیوں کے ذمہ داران سے ساؤتھ زون ٹریفک پولیس کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک کے بہاؤ اور پارکنگ کو باقاعدہ بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ دفتر کمشنر پولیس پرانی حویلی میں منعقدہ یہ اجلاس جس کا عنوان ’’ٹریفک مینجمنٹ‘‘ ہے کے دوران ٹریفک پولیس نے مسجد کے ذمہ داران سے ان کے مسائل سے واقف کروانے کی گزارش کی اور مساجد کے باہر تراویح کے دوران پارکنگ کو باقاعدہ بنانے کیلئے والینٹرس بھی فراہم کرنے کیلئے کہا ۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں مختلف مساجد کے باہر موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ پیش آتا ہے ۔ اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس ساؤتھ زون نے مسجد کمیٹی کے ذمہ داران سے یہ خواہش کی ہے کہ وہ نوجوانوں کی فہرست ان کے حوالے کرے تاکہ انہیں والینٹرس کیلئے خصوصی ٹریننگ دی جاسکے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک II محمد تاج الدین احمد نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس مصلیوں کی سہولت کیلئے اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور مساجد کے باہر گاڑیوں کی پارکنگ کو آسانی فراہم کرنے کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نماز تراویح کے علاوہ دیگر نمازوں کیلئے بھی گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ پیش آتا ہے اور اس کے لئے بھی ٹریفک پولیس کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایسے مساجد کی نشاندہی کی ہے جہاں پر مصلیوں کی کثیر تعداد موجود رہتی ہے اور ان کی گاڑیوں کی پارکنگ میں سہولت فراہم کرنے کیلئے خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے جب ٹریفک پولیس کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اتنا ہی نہیں روزداروں کو ان کے مقامات پر پہونچنے کیلئے بھی ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعہ ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنایا جائے گا ۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر کے بابو راؤ بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT