Saturday , July 21 2018
Home / شہر کی خبریں / ماہ رمضان کی تیاریوں پر اجلاس میں عہدیداروں کی عدم شرکت

ماہ رمضان کی تیاریوں پر اجلاس میں عہدیداروں کی عدم شرکت

آئندہ اجلاس 20 اپریل کو مقرر ، عہدیداروں کو شریک اجلاس ہونے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ماہ رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں آج سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں اعلیٰ عہدیداروں کی عدم شرکت کے باعث 20 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ 3 بجے منعقد ہونے والا اجلاس آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو ، ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل ایم ایس پربھاکر ، محمد سلیم صدر وقف بورڈ ، ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ ، بی جے پی کے رکن اسمبلی سی رامچندرا ریڈی کے علاوہ مجلس کے ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی جانب سے اجلاس کا آغاز کرتے ہی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کمشنر جی ایچ ایم سی کے بارے میں دریافت کیا ۔ اجلاس میں موجود ایڈیشنل کمشنر نے بتایا کہ چیف منسٹر جائزہ اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں کمشنر شریک ہے ۔ واٹر ورکس کے ایم ڈی کی عدم موجودگی پر وزیر داخلہ اور ارکان اسمبلی نے اجلاس ملتوی کرتے ہوئے دوبارہ طلب کرنے کی خواہش کی ۔ جس پر محمد محمود علی نے 20 اپریل کو سہ پہر 3 بجے تک اجلاس ملتوی کرتے ہوئے تمام محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر جائزہ طلب کررہے ہیں جس کی وجہ سے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار غیر حاضر ہیں ۔ آئندہ اجلاس میں تمام عہدیداروں کو بپابندی شریک ہونے کی ہدایت دی ۔۔

TOPPOPULARRECENT