Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ماہ رمضان کے دوران مدینہ بلڈنگ تا چارمینار ٹریفک مسدودی کا از سر نو جائزہ

ماہ رمضان کے دوران مدینہ بلڈنگ تا چارمینار ٹریفک مسدودی کا از سر نو جائزہ

جاریہ ماہ ماضی کے عمل میں ترمیم پر غور ، نئے منصوبہ پر عمل حکومت کا اختیار

جاریہ ماہ ماضی کے عمل میں ترمیم پر غور ، نئے منصوبہ پر عمل حکومت کا اختیار
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران مدینہ بلڈنگ تا چارمینار ٹریفک کی مسدودی کے متعلق محکمہ پولیس کی جانب سے ازسر نو غور کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی تاجرین نے ماہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں ٹریفک کی مسدودی کے خلاف پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت بھی پیش کی اور کہا کہ ٹریفک کو بحال رکھتے ہوئے علاقے کی رونق کو برقرار رکھا جائے۔ ٹریفک کو مسدود کئے جانے کے سبب علاقے کی رونق متاثر ہورہی ہے اور جو گاہک اپنی سواریوں کے ذریعہ بازار پہنچ رہے ہیں انہیں اپنی پسندیدہ دکانات تک پہنچنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں جس کے سبب کاروبار متاثر ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ان حالات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اس مرتبہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں ٹریفک کو مکمل طور پر مدینہ سرکل تا چارمینار بند نہ کیا جائے بلکہ چھوٹی سواریوں کی آمدورفت کی گنجائش اس اہم سڑک پر فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں اس علاقے میں ٹریفک کی گہما گہمی سے عوام کو بچانے کیلئے مختلف منصوبے تیار کئے جارہے ہیں جن میں پنجہ شاہ کی سڑک کے علاوہ مٹی کا شیر، چیلہ پورہ، حسینی علم، میر عالم منڈی، شاہ علی بنڈہ، خلوت کے علاوہ اطراف و اکناف کی دیگر سڑکوں کو بہتر بناتے ہوئے ٹریفک کے رُخ تبدیل کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہ مقدس کے آخری عشرہ میں ان علاقوں میں ٹریفک کی بالکلیہ طور پر مسدودی کے سبب کئی مشکلات کی شکایات منظر عام پر آرہی ہیں جس کی وجہ سے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار معاملہ سے نمٹنے کیلئے تجاویز تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس مسئلہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیا۔ چونکہ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ برقی کے علاوہ ہنگامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے والے محکمہ جات فائر، پولیس، ایمبولنس و دیگر نے بھی اس مسئلہ کو متعلقہ عہدیداروں کے آگے پیش کیا ہے تاکہ مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے حالات کو بہتر بنایا جاسکے۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں چارمینار، مدینہ بلڈنگ، پتھر گٹی کے علاوہ پٹیل مارکٹ وغیرہ میں عوام کے اژدھام کے سبب ٹریفک کا مسدود کیا جانا معمول کا عمل ہے۔ لیکن اس مرتبہ اس عمل میں ترمیم کا منصوبہ تیار کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں کی جانب سے تیار کئے جارہے اس منصوبہ کو اعلیٰ عہدیداروں اور حکومت کے ذمہ داران کو پیش کرنے کے بعد ہی اسے قطعیت دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT