Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / مایاوتی راجیہ سبھا کی رکنیت سے اچانک مستعفی

مایاوتی راجیہ سبھا کی رکنیت سے اچانک مستعفی

سہارنپور میں دلتوں پر تشدد ، خطاب سے محرومی پر برہمی
نئی دہلی ۔18جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے راجیہ سبھا میں دلتوں کا معاملہ نہ اٹھانے دیئے جانے کی وجہ سے احتجاجاً ایوان کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کردیا ۔راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اپنی بات نہ رکھنے دینے سے مشتعل مایاوتی نے ایوان سے باہر نکلنے کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا ” میں نے تحریک التوا کے تحت نوٹس دیا تھا جس میں بولنے کے لئے تین منٹ کی کوئی حد نہیں ہوتی ۔ جب میں نے سہارن پور ضلع کے سبیر پور گاؤں کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی تو حکمراں پارٹی کے ارکان کھڑے ہوکر ہنگامہ کرنے لگے اور مجھے بولنے نہیں دیا گیا۔اگر میں دلتوں اور محروموں کا معاملہ ایوان میں نہیں اٹھاسکتی تو میرا راجیہ سبھا میں آنے کا کیا فائدہ۔ اس لئے میں نے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آج ہی اپنا استعفی سونپ دیں گی۔ مایاوتی نے الزام لگایا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اقتدار میں آئی ہے پورے ملک میں دلتوں، پسماندہ، مسلمانوں ، عیسائیوں، کسانوں، مزدوروں اور مڈل کلاس کا استحصال ہورہا ہے ۔ آندھراپردیش میں روہت ویمولا معاملہ اور گجرات میں اونا معاملہ ہوا۔ اترپردیش میں بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دلتوں پر مسلسل کبھی گؤرکشا کے نام پر تو کبھی کسی دیگر بہانے سے حملے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صابر پور میں انتظامیہ کے حکام کی موجودگی میں دلتوں کا استحصال کیا گیا۔ ان کے 60 سے 70گھر جلا دے ئے گئے ، ماؤں بہنوں کا استحصال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں ہیلی کاپٹر سے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سڑک راستے سے جانے پر بھی جگہ جگہ ان کے لئے دقتیں پیدا کی گئیں۔ ان کے زیڈ پلس سیکورٹی ہونے کے باوجود انہیں سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ انہوں نے وہاں کسی طرح کی اشتعال انگیز بات نہیں کی۔ میں نے لوگوں سے بھائی چارہ سے رہنے کی اپیل کی جو حکومت کو اچھی نہیں لگی۔

TOPPOPULARRECENT