Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر چل بسے

مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر چل بسے

بارباڈوس ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹ کمنٹیٹراور صحافی ٹونی کوزیئر طویل علالت کے بعد 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ 1985ء میں کرکٹ کے بارے میں لکھنے کا آغاز کرنے والے ٹونی کوزیئر نے کرکٹ کھیلے بغیر دنیا میں کھیل کے حوالے سے بڑا نام کمایا اور کرکٹ کی توانا آواز بنے۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے اپنا آخری کالم اسی ویب سائٹ کیلئے یکم مئی کو تحریر کیا تھا۔ ٹونی کو 3 مئی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اُن کی گردن اور ٹانگوں پر انفکشن کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم وہ صحت یاب نہیں ہوپائے اور اپنے آبائی شہر بارباڈوس میں انتقال کرگئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ’ٹوئٹر‘ پر ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور پیغام میں کہا گیا کہ ’’ٹونی کوزیئر کی وفات کی خبر گہرا دکھ ہے۔ وہ حقیقی معنوں میں کرکٹ کی عظیم آواز تھے۔ اُن کا انتقال کرکٹ کمیونٹی کیلئے بڑا نقصان ہے‘‘۔ کرکٹ جرنلسٹ جمی کوزیئر کے بیٹے ٹونی نے 1965ء میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈیز ٹور سے کمنڑی کا آغاز کیا اور گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران انھوں نے خود کو اس میدان میں منوایا۔ ٹونی نے ٹیلی ویژن کے علاوہ ریڈیو کیلئے بھی رواں تبصرہ کیا جبکہ انھوں نے کتابوں کے علاوہ مختلف اخبارات، میگزین اور انٹرنٹ پر کئی کالم بھی تحریر کئے۔ انھیں 2011ء میں کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی تاحیات رکنیت سے نوازا گیا تھا۔ ایک اندازہ کے مطابق ٹونی کوزیئر کا شمار ایسے لوگوں میں ہوا جنھوں نے دنیا میں کہیں بھی سب سے زیادہ ٹسٹ میچ دیکھے ہیں۔ موقر میگزین ’وِزڈن‘ کی 2003ء کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے اُس وقت تک 40 سال میں 266 ٹسٹ میچوں کو براہ راست دیکھا تھا۔

TOPPOPULARRECENT