Thursday , December 13 2018

متنازعہ بیف ایکسپورٹرمعین قریشی کو ضمانت

نئی دہلی۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں متنازعہ میٹ ایکسپورٹر معین قریشی کو ضمانت دے دی۔ اسپیشل جج ارون بھردواج جنہوں نے قبل ازیں 4 ڈسمبر کو معین قریشی کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، آج انہیں 2 لاکھ روپئے شخصی مچلکے اور اسی کے برابر رقم کی طمانیت پر ضمانت دے دی، حالانکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اس سے پہلے ان کی درخواست ضمانت کی یہ کہہ کر مخالفت کی تھی، معین قریشی کی رہائی سے ان کے خلاف جاری تحقیقات پر منفی اثر مرتب ہوسکتا ہے، جس کے بعد عدالت نے اپنے فیصلہ کو محفوظ کرلیا تھا۔ ای ڈی کے خصوصی وکیل الزام عائد کیا کہ معین قریشی کو جنہیں 25 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا، انہیں ضمانت نہیں دینی چاہئے۔ چونکہ ان کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اگر انہیں ضمانت دے دی گئی تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ انصاف کے عمل سے راہ فرار اختیار کرسکتے ہیں۔ اس درخواست ضمانت پر ملزم نے عدالت سے کہا تھا کہ ان کو حراست میں رکھنے کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے۔ چونکہ ان پر عائد کئے گئے الزامات کے تحت تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں، اور اب ای ڈی کو ان کی مزید ضرورت نہیں ہے۔ قبل ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ گواہان نے اپنے بیانات میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ملازمین کے ذریعہ کروڑوں روپئے ادھر سے اُدھر سے منتقل کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT