Friday , November 16 2018
Home / شہر کی خبریں / متھالی ،سری کانت اور گوپی چند کو ایوارڈس

متھالی ،سری کانت اور گوپی چند کو ایوارڈس

حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)چمپئن شٹلر کیڈامبی سریکانت سال کے بہترین سینئر کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ان کے قابل فخر کوچ گوپی چند کو سال 2017 کے بہترین کوچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ تلنگانہ اسپورٹس جرنلسٹس اسوسی ایشن کی ایوارڈ تقریب دی پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ اس رنگارنگ تقریب میں تلنگانہ کی نامور اسپورٹس شخصیتوں نے حصہ لیا ۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج کو سال کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ بیاڈمنٹن جوڑی سریکانت اور پی وی سندھو نے بالترتیب غیر معمولی مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حیثیت سے مردوں اور خواتین کا ایوارڈ جیت لیا ۔ ہاکی کے نامور کھلاڑی مکیش کمار کو تالیوں کی گونج میں کارنامہ حیات ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ مکیش کے نام کا جب اعلان کیا گیا تو حاضرین نے کھڑے ہوکر انہیں خراج تحسین ادا کیا ۔ چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد جنہوں نے سال کی بہترین ٹیم کا ایوارڈ حیدرآبادکرکٹ ٹیم کو دیا ‘ نے نوجوانوں پر مثبت ذہن کے ساتھ کھیل میں حصہ لینے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے کھیلئے ‘ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیو ںسے پرزور خواہش کرتا ہوں کہ وہ کھیل کے جذبہ کے ساتھ کھیلیں ۔ گوپی چند نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کوچس کی کاوشوں کو تسلیم کریں ۔ انہوں نے کوچس کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر زور دیا ۔ حکومت تلنگانہ کے مشیر بی وی پاپا راؤ نے فیڈریشنس میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اولمپک اسپورٹس میں اصلاحات کیلئے میڈیا کی تائید ضروری ہے ۔ صدر ٹی ایس جے اے جیک گلاڈسن نے حاضرین کا خیر مقدم کیا جبکہ سکریٹری ٹی ایس جے اے وی رمیش نے حاضرین اور بالخصوص مسٹر پاپا راؤ ‘ مسٹر بی وینکٹیشم سکریٹری اسپورٹس و ٹورازم حکومت تلنگانہ ‘ ڈاکٹر جی وویک وینکٹ سوامی صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔

TOPPOPULARRECENT