Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / مجبور معشوقہ کا اقدام … عاشق کیلئے معشوقہ اپنا گردہ بیچنے تیار

مجبور معشوقہ کا اقدام … عاشق کیلئے معشوقہ اپنا گردہ بیچنے تیار

نئی دہلی۔18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اس کے عشق کی کوئی سرحدیں نہیں۔ وہ اپنا ایک گردہ تک بیچنے کے لیے رضامند ہوگئی تاکہ وہ اپنے عاشق سے شادی رچاسکے۔ 21 سالہ لڑکی جو بہار کی متوطن ہے اور جسے ایک مرتبہ طلاق ہوچکی، وہ اپناگردہ فروخت کرنے کے لیے دہلی تک آگئی کیوں کہ اسے 1.8 لاکھ روپئے جٹانے تھے جو اس کے بوائے فرینڈ نے اس سے شادی کے لیے طلب کیے تھے۔ جب وہ قومی دارالحکومت کے ایک ہسپتال پہنچی، ڈاکٹروں نے 181 ویمن ہیلپ لائین نمبر پر فون کیا اور پولیس کو مطلع کردیا۔ کیوں کہ انہیں شبہ ہورہا تھا کہ وہ شاید کسی غیر قانونی راکیٹ کا حصہ ہے جو گردوں کی تجارت میں ملوث ہے۔ ڈی سی ڈبلیو ٹیم دواخانہ پہنچی اور اس کی بپتاسنی۔ اس نے بتایا کہ وہ بہار میں طلاق کے بعد اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہے۔ وہیں پڑوس میں اسے بوائے فرینڈ مل گیا۔ لیکن چوں کہ اس کے والدین اس شادی کے مخالف ہیں اس لیے وہ اپنا گھر چھوڑکر آئی ہے۔ وہ پہلے اترپردیش کے شہر مرادآباد گئی جہاں اس کا بوائے فرینڈ ملازمت کرتا ہے۔ اسے امید تھی کہ وہ اس سے شادی کرلے گا لیکن اس نے رقم کا تقاضہ کیا۔ چنانچہ مجبوری میں اس نے اپنا ایک گردہ فروخت کردینے کا فیصلہ کیا۔ کمیشن کی ایک رکن نے اس کی کونسلنگ کی اور اسے مشورہ دیا کہ بوائے فرینڈ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائے۔ تاہم وہ اس کے لیے رضامند نہیں ہوئی اور اپنے والدین کے پاس واپس چلی گئی۔ ڈی سی ڈبلیو نے اس کے کیس کی تفصیلات بہار ویمن کمیشن تک اس درخواست کے ساتھ پہنچائی کہ اس شخص کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے میں مطلقہ کی مدد کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT