Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مجلسی قائدین کی شیروانیوں کے اندر زعفرانی رنگ کے کُرتے

مجلسی قائدین کی شیروانیوں کے اندر زعفرانی رنگ کے کُرتے

کسی بھی مسئلہ پر مباحث کیلئے مجلسی قائدین کو صدر ضلع وقف کمیٹی نظام آباد کا چیلنج
نظام آباد۔26 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ پی سی سی ترجمان و اربن انچارج کانگریس پارٹی نظام آباد مسٹر مہیش کمار گوڑنے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک سیکولر پارٹی ہے سماج کے ہر ایک فرقہ و طبقہ بلخصوص مسلم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھا نے میں کوشاں رہتی ہے۔ مسٹر مہیش کمارگوڑ جمیع علماء و حفاظ شہریان نظام آباد کے زیر اہتمام گولڈن فنکشن ہال قلعہ روڈپر حافظ محمد عبدالعلی عارف کوصدر سٹی کانگریس سیوادل نظام آباد نامزد کئے جانے کے اعزاز میں اظہار تشکر و تہنیتی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کر تے ہوئے مخاطب تھے۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی دیگر طبقات کی طرح مسلمانوں کو بھی آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کے حامل مسلم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ مسٹر مہیش کمارگوڑ نے اعتراف کر تے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ مسلمانون کی تائیدو حمایت سے ہی انتخابات میں کامیابی حاصل کر تی رہی ہے۔ اور نوجوانوں کی مدد و تعاون سے ہی ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ منتخب ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات سے قبل مسلمانوں میںقیادت کو آگے بڑھانے کے مواقع دیئے جانا چاہیے اسی کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے کانگریس قائد و کارپوریٹر ایم اے قدوس کو بلدی فلور لیڈر بنایا۔ اسی طرح یوتھ کانگریس میں عبود بن عبداللہ حمدان کو سکریٹری بنایااور نظام آباد صدر سٹی سیوادل کی حیثیت سے پہلی مرتبہ مسلم نوجوان حافظ عبدالعلی عارف کو نامزد کر تے ہوئے مسلم نوجوانوں کی قیادت کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم نے پہلی مرتبہ مسلم نوجوان کو سیوادل صدر بنانے پر مبارکباد دی اورکہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی بھلائی کیلئے کام کرتی ہے۔ جاوید اکرم نے ملک کے بالخصوص مہاراشٹرا کے موجودہ حالات کیلئے مجلس اتحاد المسلمین کے اعلیٰ قائدین کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید تنقیدکی اور سنگین الزامات عائد کر تے ہوئے کہا کہ مجلسی قائدین وزیر اعظم نریندر مودی اوربی جے پی پارٹی سے خفیہ طور پر سازباز کرلی ہے۔ ان کی شیروانیوں کے اندر وزیر اعظم نریندرمودی کے زعفرانی رنگ کے پرانے کُرتے ہیں ،مجلسی قائدین کے قول و فعل میں تضاد ہے کبھی و ہ کانگریس سے مل کر رہتے ہیں تو کبھی وہ ٹی آر ایس کی جھولی میں جابیٹھتے ہیں۔مجلسی قائدین کا عمل عدت کے دن گزارنے والی خاتون سے بھی گئے گذرے ہیںجوخاتون عدت کے دن گذارنے کے بعد ہی اپنے گھر سے نکلتی ہے لیکن مجلسی قائدین ایک پارٹی کو چھوڑکر دوسری پارٹی کے آغوش میں جابیٹھتے ہیں ایسے قائدین کی کسی سے کیا مسابقت کی جاسکتی ہے۔حیدر آباد کی ترقی کیلئے اس وقت کے چیف منسٹروائی ایس آر راج شیکھر ریڈی نے 5ہزار کروڑ روپئے فنڈدیاتھاجسے مجلسی قائدین ہڑپ کرلیئے۔ جو حیدر آباد کی ترقی اور مسلمانوں کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کر سکتے وہ مہاراشٹرا اور ملک کے دیگر ریاستوں کی پسماندگی کو کس طرح دور کر سکتے ہیں ۔ جاوید اکرم نے مہاراشٹرا میں بیف کے کاروبار کرنے والے قریش برادری کے موجودہ حالات کیلئے بھی مجلسی قائدین کو ہی ذ مہ دار قرار دیا اور کہا کہ مجلسی قائدین کی وجہ ے ہی آج قریش برادری مالی مشکلات و پریشانیوں کا سامناکرنے پر مجبور ہیں۔صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم نے کسی بھی مسئلہ پرمجلسی قائدین کو مباحث کے لئے کھلے عام چیالنج کیا۔ ایم اے مجید سابقہ کونسلر نے مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے نظام آباد سیوادل صدر مسلم نوجوان کو بناکر تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض پارٹیاں مسلمانوں کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بی جے پی پارٹی قائدین مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات کو بھی نقصان پہنچارہی ہے۔ اس تقریب میں بلدی فلور لیڈر ایم اے قدوس ، حافظ لئیق احمد ، سٹی صدر میناریٹی محمد عرفان علی، کانگریس قائدین مسعود احمد اعجاز، عبدالکریم ببونے بھی مخاطب کر تے ہوئے سٹی صدر سیوادل محمد عبدالعلی کو مبارکباد دی اورمہیش کمار گوڑ سے اظہار تشکرکیا۔ اس موقع پر اربن انچارج مہیش کمارگوڑ اور سٹی صدر محمد عبدالعلی کی شالپوشی و گلپوشی کر تے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ اس پروگرام کی کاروائی مولانا عبدالقیوم شاکر نے چلائی۔ پروگرام میں کانگریس قائدین عبود بن حمدان، مجاہدمحمد خان، ذاکر حسین نندی پیٹ، یوتھ قائدین ساگر، جگن اور کثیر تعداد میں حفاظ اکرام ونوجوانوں نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT