Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں بائیو میٹرک حاضری نظام متعارف

مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں بائیو میٹرک حاضری نظام متعارف

تمام ملازمین کے لیے حاضری کا اندراج لازمی ، عنقریب تمام زونل دفاتر میں بھی عمل آوری
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) بلدیہ کے صدر دفتر میں اب بلدیہ ‘ کھایا ‘ پیا چل دیا‘ کلچر نہیں چلے گا کیونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر واقع ٹینک بنڈ پر اب بائیو میٹرک نظام حاضری روشناس کروایا جاچکا ہے اور تمام ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری نظام کے ذریعہ اپنی حاضری درج کروانی ہوگی۔ جی ایچ ایم سی نے صدر دفتر میں بائیو میٹرک نظام حاضری روشناس کروانے سے قبل بلدی حدود میں موجود تمام صفائی عملہ کیلئے بائیو میٹرک نظام حاضری روشناس کروایا تھا اور 22ہزار صفائی عملہ کی روزانہ حاضری بائیو میٹرک کے ذریعہ لی جانے لگی ہے اور اب صدر دفتر جی ایچ ایم سی میں کمشنر سے چپراسی تک تمام باقاعدہ ملازمین کو بائیو میٹرک کے ذریعہ حاضری دینی ہوگی اور انگلیوں کے نشان کے ذریعہ لی جانے والی اس حاضری کو ہی حاضری میں شمار کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات میں الکٹرانک نظام حاضری متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا تھا اور سب سے پہلے محکمہ تعلیم میں اس پر عمل آوری شروع کی گئی ۔مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے شہر میں موجود صفائی عملہ کی بائیو میٹرک حاضری کا انتظام کیا اور اب صدر دفتر جی ایچ ایم سی میں یہ نظام رائج کیا گیا ہے جس کے بعد اب جی ایچ ایم سی دفتر میں ملازمین کی حاضری اور دفتر میں موجودگی کے وقت کی مکمل معلومات حاصل رہیں گی۔ بتایاجاتاہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام زونل دفاتر میں بھی مستقل ملازمین کیلئے بائیومیٹرک نظام حاضری متعارف کروایا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر میں موجود 600 ملازمین کا ریکارڈ بائیو میٹرک نظام حاضری میں درج کیا جاچکا ہے اور اب یہ 600 مستقل ملازمین بائیو میٹرک مشین کے ذریعہ ہی اپنی حاضری درج کروا سکیں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کی بلدیہ میں عارضی طور پر خدمات انجام دینے والوں کے بھی ریکارڈ اکٹھا کرتے ہوئے ان کیلئے علحدہ بائیو میٹرک مشین کی تنصیب کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے تاکہ ان کی حاضری کا ریکارڈ بھی الکٹرانک دستیاب رہے۔ واضح رہے کہ جی ایچ ایم سی نے پیپر کے بغیر دفتر کے نظریہ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام کاموں کو الکٹرانک طریقہ سے مکمل کرنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور اس سلسلہ میں ای ۔ فائل سسٹم بھی تیار کیا جا چکا ہے تاکہ فائیلوں تک اعلی عہدیداروں کی رسائی بہ آسانی ہو سکے اور فائیل کے موقف اور مقام کا پتہ چلا جا سکے۔

TOPPOPULARRECENT