Saturday , December 16 2017
Home / سیاسیات / مجلس کو بی جے پی کی پشت پناہی: ڈگ وجئے سنگھ

مجلس کو بی جے پی کی پشت پناہی: ڈگ وجئے سنگھ

نئی دہلی۔ 25 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کے نتیجہ میں فرقہ پرست طاقتوں کو فائدہ ہوگا۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے یہ بات کہی اور بہار انتخابات میں ووٹوں کی تقسیم کے اندیشہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کو بی جے پی کی پشت پناہی حاصل ہے۔ اس کے نتیجہ میں اندیشہ ہے کہ سیکولر ووٹ مزید تقسیم کا شکار ہوں گے اور اس کا فائدہ فرقہ پرست جماعتوں کو ہوگا۔ سی پی آئی نے بھی اسی اندیشہ کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے کہاکہ مجوزہ بہار اسملبی انتخابات میں مجلس کے مقابلہ کے نتیجہ میں فرقہ وارانہ تقسیم بڑھے گی جس کا فائدہ بی جے پی کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بایاں بازو محاذ دونوں پارٹیوں کے کھیلے جارہے گیم کو بے نقاب کرے گا۔ سدھاکر ریڈی نے ریاست کے بی جے پی زیر اثر علاقوں میں فرقہ وارانہ جھڑپوں میں اضافہ کی میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجلس کی انتخابی مہم سے صرف کشیدگی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں پہلے ہی دو تا تین ماہ کے دوران فرقہ وارانہ جھڑپوں میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ اگر مجلس چند نشستوں پر کامیابی حاصل کر لے تب بھی بہار میں اقلیتوں کی حالت بہتر نہیں ہوگی۔ اس سے صرف بی جے پی کی تائید کرنے والے ہندوؤں کو متحد ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ فرقہ پرستی کو جوابی فرقہ پرستی کے ذریعہ نہیں بلکہ صرف سیکولرازم کے ذریعہ شکست دی جاسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT