Wednesday , December 13 2017
Home / سیاسیات / مجھے خوشی ہے کہ راہول کو بولنا آگیا : مودی

مجھے خوشی ہے کہ راہول کو بولنا آگیا : مودی

وارانسی ۔22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ان کے خلاف رشوت کے الزامات کے ساتھ زلزلہ لانے کے متعلق راہول گاندھی کے ریمارکس کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کانگریس کے لیڈر کو بولنا آگیا ہے، وہ بولنا سیکھ رہے ہیں۔ ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے میں ناکام ہونے پر وہ بہت ہی مایوس نظر آرہے ہیں۔ اسی لئے غیر ارادی طور پر الزامات عائد کررہے ہیں۔ کانگریس کے پاس ایک نوجوان لیڈر ہے جو بولنے کی تربیت حاصل کررہا ہے۔ جب سے وہ بولنا سیکھے ہیں تب سے مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بولتے ہی جارہے ہیں۔ 2009ء میں وہ کچھ بول نہیں سکتے تھے۔ اب وہ ہر چیز کا پتہ چلارہے ہیں۔ اس کے ساتھ دھمکیاں بھی دیتے جارہے ہیں کہ جب وہ بول اٹھیں گے تو زلزلہ آجائے گا۔ اگر وہ نہیں بھی بولے تو زلزلہ آسکتا ہے۔ کیوں کہ گزشتہ 10 سال سے عوام نے انہیں جھیلا ہے۔ لہٰذا ان کے بولنے سے کوئی زلزلہ نہیں آئے گا۔ بی جے پی نے بھی کانگریس لیڈر کے الزامات کو بے بنیاد اور شرمناک قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ راہول گاندھی نے کل حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں انہیں بولنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ اگر وہ زبان کھولیں گے تو مودی کی رشوت ستانی کو بے نقاب کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT