Monday , December 11 2017
Home / ہندوستان / مجھے شیوسینا میں شمولیت کیلئے رقم کی پیشکش کی گئی تھی

مجھے شیوسینا میں شمولیت کیلئے رقم کی پیشکش کی گئی تھی

ایم این ایس کارپوریٹرسنجے توردے کا ادعا ۔ الزامات مسترد ‘ منحرف کارپوریٹر کا بیان
ممبئی 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) میں ایم این ایس کے واحد کارپوریٹر سنجے توردے جنھوں نے شیوسینا میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی، آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ اُسے بالواسطہ طور پر بھاری رقم کی پیشکش کی گئی تھی تاکہ میں دل بدلی کرسکوں۔ اُس نے کہاکہ حالیہ دنوں میں جن 6 کارپوریٹرس نے ایم این ایس کو چھوڑ کر شیوسینا میں شمولیت اختیار کی ہے، اُن کے خلاف اے سی بی کی جانب سے تحقیقات کی جانی چاہئے۔ اس دوران ایم این ایس چھوڑنے والے 6 کارپوریٹرس میں شامل دلیپ لانڈے نے سنجے توردے کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ ہمارے خلاف اگر تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے تو ہم تحقیقات کا سامنا کرنے بھی تیار ہیں۔ بعدازاں لانڈے توردے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کی بھی دھمکی دی جس نے 18 اکٹوبر کو اے سی بی کے نام ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے الزامات عائدکئے تھے۔ یاد رہے کہ اُس وقت تمام چھ کارپوریٹرس کو ایم این ایس چھوڑ کر شیوسینا میں شامل ہوکر ایک ہفتہ گزر چکا تھا۔ توردے نے کہا تھا کہ 12 اکٹوبر کو ایم این ایس کے ان ہی کارپوریٹرس میں سے ایک نے اُس سے رجوع ہوکر بالواسطہ طور پر بڑی رقم کی پیشکش کی تھی تاکہ میں (گوردے) ایم این ایس چھوڑ کر شیوسینا میں شامل ہوجاؤں۔ پیشکش کرنے والوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایسا کرنے سے اُس کا (توردے) سیاسی کیرئیر عروج پر پہنچ جائے گا۔ اپنے مکتوب میں توردے نے الزام تراشی کرتے ہوئے کہاکہ 12 اکٹوبر کو ایک وارڈ کونسل میٹنگ کے بعد دلیپ لانڈے نے اُسے تقریباً ایک بجے دوپہر فون کرکے یہ پوچھا کہ کیا وہ شیوسینا میں شامل ہونا چاہتا ہے؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو پھر زندگی بھر اُسے (توردے) پیسوں کی کبھی کمی نہیں ہوگی اور سیاسی کیرئیر کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ 15 اکٹوبر کو ایم این ایس سربراہ نے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے پر الزام لگایا تھا کہ ایم این ایس کارپوریٹرس کو شیوسینا میں شامل ہونے فی کس 5 کروڑ روپئے کی پیشکش کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT