Saturday , November 18 2017
Home / سیاسیات / محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے … انتخابی مہم سے دوری ، میری مرضی نہیں : شتروگھن سنہا

محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے … انتخابی مہم سے دوری ، میری مرضی نہیں : شتروگھن سنہا

پٹنہ ۔ /25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فلمسٹار سے سیاستداں بننے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے اپنی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کیلئے جاری مہم میں حصہ لینے سے اپنی معذوری پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابی مہم سے ان کا غائب ہونا ان کی پسند کے مطابق نہیں ہے بلکہ کسی مجبوری کا نتیجہ ہے ۔ شتروگھن سنہا نے جن کے پارلیمانی حلقہ پٹنہ صاحب کے تحت چھ اسمبلی حلقوں میں رائے دہی سے تین دن قبل ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’میری پارٹی کے ورکرس ، میرے ساتھی ، دوست ، حامی اور خیرخواہ اس بات پر حیرت زدہ ہیں کہ مہم کے دوران میں کیوں نظر نہیں آیا ۔ ان تمام کو میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ محض میری مرضی یا پسند کے مطابق نہیں ہوا ہے ‘‘ ۔ سابق اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر صحت رہ چکے شتروگھن سنہا نے ایک اور ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ’’ مجھے مہم سے دور رکھا گیا ہے جو ان تمام غیر محفوظ مقامی لیڈروں کی مہربانی کا نتیجہ ہے جنہیں ہم سب جانتے ہیں ۔ شتروگھن سنہا نے عظیم سیکولر محاذ کے قائدین لالو پرساد اور نتیش کمار کی جانب سے بہار اسمبلی انتخابات کو بہاریوں اور باہریوں (باہروالوں) نریندر مودی اور امیت شاہ کے مابین مقابلہ قرار دیئے جانے سے اتفاق نہیں کیا ۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ ’’یہاں بہاریوں اور باہریوں کے درمیان مقابلے کا کوئی سوال نہیں ہے ۔ بلکہ خود آپ کے اپنے بہاری (بابو) (شتروگھن سنہا) کے ساتھ کسی غلطی کے بغیر کیسا سلوک کیا جارہا ہے ‘‘ ۔ شتروگھن سنہا نے اس شعر کا حوالہ دیا کہ
محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے
تیری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے
اور کہا کہ انتخابی مہم میں ان کے حاضر یا غائب رہنے کا کوئی فرق نہیں ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT