Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / محبوبہ مفتی سے محمود علی کی ملاقات

محبوبہ مفتی سے محمود علی کی ملاقات

چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اظہار تعزیت
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج سرینگر میں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور ان کے والد مفتی محمد سعید کے انتقال پر پرسہ دیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محمد محمود علی کو بطور خاص تلنگانہ حکومت کے نمائندہ کی حیثیت سے سرینگر روانہ کیا تاکہ محبوبہ مفتی اور پی ڈی پی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کل نئی دہلی سے سرینگر کیلئے پرواز نہ کرسکے کیونکہ موسم کی خرابی کے سبب فلائیٹ منسوخ کردی گئی تھی۔ محمد محمود علی آج صبح سرینگر پہنچے اور محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔ انہوں نے پی ڈی پی اور خاص طور پر مرحوم مفتی محمد سعید کی جانب سے تلنگانہ تحریک کی تائید کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مفتی سعید کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا کیونکہ وہ تلنگانہ تحریک کے ابتداء سے حامی رہے۔ محبوبہ مفتی نے ورنگل میں منعقدہ تلنگانہ گرجنا میں شرکت کی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم قائد کیلئے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر پی ڈی پی کے دیگر قائدین سے بھی محمد محمود علی کی ملاقات ہوئی۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر جموں کشمیر نرمل سنگھ نے محمد محمود علی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں بات چیت کی۔ حکومت جموں کشمیر کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ وہ کل شام حیدرآباد واپس ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT