Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / محبوبہ مفتی کا تجزیہ ‘ حالات میں بہتری کا ادعا

محبوبہ مفتی کا تجزیہ ‘ حالات میں بہتری کا ادعا

تشدد میں نمایاں کمی ‘ راجناتھ کیساتھ میٹنگ کے بعد میڈیا سے رابطہ
نئی دہلی ۔ 26اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ ریاست کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے کیونکہ تشدد میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے یہ بات مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل میٹنگ کے بعد کہی ‘ جبکہ تین روز قبل سابق ڈائرکٹر انٹلیجنس بیورو دنیشور شرما کو خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے مقرر کئے تین روز ہوئے ہیں ۔ وہ ریاست میں تمام حاملین مفادات کے ساتھ بات چیت منعقد کریں گے ۔ چیف منسٹر نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں کیونکہ تشدد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے ساتھ میٹنگ میں جموں و کشمیر کیلئے خصوصی نمائندہ کے اعلان‘ ریاست کی سیکورٹی صورتحال اور مختلف ترقیاتی مسائل پر غوروخوص ہوا ہے ۔ محبوبہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا 2015ء میں معلنہ 80,000کروڑ روپئے کے پیکیج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ فنڈز جاری کئے جارہے ہیں اور کئی ترقیاتی کام چل رہے ہیں ۔ ریاست میں ایمس سے متعلق کام بھی جاری ہیں ۔ وزیرداخلہ اور چیف منسٹر کے علاوہ اس میٹنگ میں وزارت داخلہ اور حکومت جموں و کشمیر کے سینئر عہدیداران بھی شریک ہوئے ۔ راج ناتھ اور محبوبہ نے بعد میں تقریباً 15منٹ دوبدو بات چیت کی ۔ دوشنبہ کو وزیرداخلہ نے اعلان کیا تھا کہ دنیشور شرما جموں و کشمیر کیلئے مرکزی حکومت کے نمائندے ہوں گے اور وہاں قیام امن کے مقصد سے تازہ پہل کریں گے ۔ راجناتھ نے منگل کو کہا تھا کہ دنیشور شرما ہی طئے کریں گے کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے کن کن گوشوں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں ۔

TOPPOPULARRECENT