Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / محبوبہ مفتی کی آج مودی سے ملاقات کا امکان

محبوبہ مفتی کی آج مودی سے ملاقات کا امکان

پی ڈی پی صدر کی دہلی آمد ۔ پارٹی قائدین سے بھی مشاورت
نئی دہلی 21 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت پر جاری تعطل کے دوران پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی آج دہلی پہونچ گئیں اور امکان ہے کہ وہ کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرینگی ۔ ان کی آمد ریاست میں تشکیل حکومت کیلئے کوششوں کے احیاء کے بعد ہوئی ہے اور وہ بی جے پی سے تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔ گذشتہ پانچ دن میں محبوبہ مفتی کی دوسری مرتبہ دہلی آمد ہوئی ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے بی جے پی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی تھی تاہم اس میں کسی طرح کی پیشرفت نہیں ہوئی تھی ۔ ان کی دہلی آمد سے یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے رابطوں کو بحال کرتے ہوئے حکومت سازی پر بات چیت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے دہلی کا سفر ایسے وقت میں کیا ہے جب کل ہی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بیان دیا تھا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں حکمرانی کے ایجنڈہ پر عمل آوری کی پابند ہے ۔ محبوبہ مفتی آج اپنی آمد کے بعد کچھ شخصی مصروفیات کے بعد جموں و کشمیر ہاوز میں اپنے کمرے تک محدود ہیں اور باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی وزیر اعظم مودی سے کل ملاقات ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ محبوبہ مفتی نے آج شام اپنی پارٹی کے سینئر رفقائے کار بشمول سابق وزیر فینانس حسیب درابو سے ملاقات کی اور سمجھا جارہا ہے کہ اس میں پارٹی کے موقف پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT