محبوب نگر میں افطار پارٹی کا انعقاد

محبوب نگر۔/13جون،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گنگا جمنی تہذیب کی بنیادوں پر ہی تلنگانہ ریاست کھڑی ہوئی ہے۔ تلنگانہ ریاست کی بھائی چارگی و رواداری اور اخوت ملک میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر پر حضرت جہانگیر پیراں ؒ آئی ٹی آئی میں منعقدہ دعوت افطار کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار کا اہتمام سید تقی الدین سکریٹری جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی اور گورننگ باڈی ممبران نے کیا تھا۔ ایم ایل اے نے مزید کہا کہ ایک بہت بڑے بزرگ کے نام پر قائم یہ ادارہ ہمارے شہر میں ہے یہ ہم سب کے لئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے جہانگیر پیراںؒ آئی ٹی آئی کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔ ڈی آر او وینکٹیشورلو نے اس موقع پر کہا کہ افطار پارٹیوں میں شریک ہوکر وہ بڑی مسرت محسوس کرتے ہیں کیونکہ تمام مذاہب کے لوگ اس تقریب میں شریک ہوتے ہیں۔ سید تقی الدین گورننگ باڈی ممبران نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب میں بکا سرینواس، عوض بن احمد باہیال کے علاوہ شہر کے سرکردہ سیاسی و سماجی و مذہبی قائدین شریک تھے۔

TOPPOPULARRECENT