Friday , July 20 2018
Home / Top Stories / محبوب چوک میں نئی مارکٹ عمارت کی تعمیر کا فیصلہ

محبوب چوک میں نئی مارکٹ عمارت کی تعمیر کا فیصلہ

پتھرگٹی تا مدینہ بلڈنگ کمانوں کی صفائی و مرمت کو بھی بلدی اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری
حیدرآباد۔21جون(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت ہی محبوب چوک میں نئی مارکٹ کی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس مقصد کیلئے 36کروڑ روپئے خرچ جائیں گے اس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ہر زون کے حدود میں عوامی سہولت کے لئے 50 نئے بیت الخلاء کی تعمیر اور پتھر گٹی تا مدینہ بلڈنگ موجود کمانوں کی صفائی اور مرمت کے زیر التواء کاموں کو مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی زیر صدارت منعقدہ بلدیہ کے اسٹینڈنگ کمیٹی اجلاس میں منظوری دی گئی ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں محبوب چوک مارکٹ کو 2منزلہ مارکٹ میں تبدیل کرنے اور موجودہ عمارت کی جگہ نئی عمارت کی تعمیر کو منظوری دی گئی اور اس عمارت کی تعمیر کیلئے 36 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے اسی طرح پتھر گٹی تا مدینہ بلڈنگ موجود کمانوں کی تاریخی اہمیت کے احیاء کیلئے ان کی صفائی اور مرمت پر 5.97کروڑ روپئے خرچ کرنے کے منصوبہ کو منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران محبوب چوک مارکٹ کی تعمیر کے دوران زیر زمین پارکنگ کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لینے کی پراجکٹ شعبہ کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ملک پیٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب موجود ٹریفک مسائل کے حل کیلئے سڑک کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مقصد کیلئے 7جائیدادوں کے حصول کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہیں۔ ملک پیٹ کے علاوہ پنجہ گٹہ سڑک کی توسیع کے لئے کی گئی سفارش کو منظوری دیتے ہوئے 15جائیدادوں کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسٹینڈنگ کمیٹی اجلاس کے دوران جی ایچ ایم سی حدود میں نئے زون کی تشکیل سے جو زائد 1200ملازمین کی ضرورت اور تقررات عمل میں لائے جانے ہیں اس کے لئے 98 کروڑ کے اخراجات کے سلسلہ میں تجاویز کو منظوری دیتے ہوئے ریاستی حکومت کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اس اجلاس کے دوران دیگر فیصلوں کو کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT