محسن انسانیت کے پیام انسانیت کو عام کرنے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپس

12 ربیع الاول کو دونوں شہروں میں مقرر ، تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو مدد

12 ربیع الاول کو دونوں شہروں میں مقرر ، تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو مدد
حیدرآباد۔/26ڈسمبر، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عید میلادالنبیؐ کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپ کے انعقاد کے ذریعہ مختلف تنظیموں کی جانب سے ضرورت مندوں کی مدد کا سلسلہ اس سال بھی جاری ہے۔ گزشتہ چار برسوں سے جاری عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپ کے انعقاد کے ذریعہ غریب و ضرورتمند مریضوں کی ضرورت کی تکمیل کیلئے ہزاروں فرزندان توحید خون کے عطیہ کے ذریعہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے پیام کو عام کرنے میں مصروف ہیں۔ 12ربیع الاول کو تنظیم ارشاد المسلمین اور فوکس کے زیر اہتمام چوتھے سالانہ میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جو کہ دونوں شہروں کے چار مقامات پر منعقد ہوگا۔ 12ربیع الاول مطابق 4جنوری کو کتب خانہ آصفیہ ( حیدرآباد سنٹرل لائبریری ) افضل گنج، عید گاہ بالامرائی سکندرآباد، جامع مسجد المدینہ، سرینواس نگر کالونی، محمود گوڑہ کے علاوہ جی سی ہائی اسکول رحمت نگر یوسف گوڑہ میں صبح 7تا شام 6بجے خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد ہوگا۔ 12ربیع الاول سے قبل سنی یونائٹیڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام 28 ڈسمبر بروز اتوار درگاہ شریف قادری چمن انجن باؤلی میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد ہوگا جو 7بجے تا شام 5بجے جاری رہے گا۔ حضرت مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والے اس بلڈ ڈونیشن کیمپ کی نگرانی حضرت سید شاہ محمد اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری کریں گے۔ مولانا سید مرتضیٰ پاشاہ نے بتایا کہ 28ڈسمبر کو منعقد ہورہے اس بلڈ کیمپ میں کم از کم 1500 عطیہ دہندگان کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر سرکار کی آمد کی خوشی میں خون کا عطیہ دیتے ہوئے معصوم زندگیوں کے تحفظ کیلئے نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔ مولانا مرتضیٰ پاشاہ نے بتایا کہ سنی یونائٹیڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس بلڈ ڈونیشن کیمپ کے دوران وصول ہونے والا خون کا عطیہ تھیلسمیا کے مرض میں مبتلاء معصوم بچوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں میں جذبہ خدمت خلق پیدا کرنا ہے۔ مولانا محمد احسن بن عبدالرحمن الحمومی نے بتایا کہ 12ربیع المنور کو آقا علیہ الصلوۃ و السلام کے جشن ولادت کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپ کے انعقاد کے ذریعہ انسانیت کی خدمت کے جذبہ کو عام کرنے کی غرض سے ان کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم ارشادالمسلمین اور فوکس کے زیر اہتمام اس مرتبہ چوتھے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس میں تقریباً 2000 عطیہ دہندگان کے حصہ لینے کی توقع کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر دیگر آبنائے وطن تک محسن انسانیت کے پیام انسانیت کو عام کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے تنظیم ارشاد المسلمین و فوکس نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ سال گزشتہ تنظیم کی جانب سے منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپس میں 1700 عطیہ دہندگان نے شرکت کرتے ہوئے خون کا عطیہ دیا تھا جن میں غیر مسلموں کی بھی قابل لحاظ تعداد شامل تھی۔ اسی طرح اس سال بھی تنظیم نے چار مقامات پر خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 12ربیع الاول کو وصول ہونے والے خون کا عطیہ تھیلسمیا کے مرض میں مبتلاء بچوں کی مدد کیلئے حوالے کیا جائے گا تاکہ تھیسلمیا سے متاثرہ معصوم بچوں کو جنہیں ہر مہینہ یا دو ماہ میں خون کی ضرورت ہوتی ہے اس ضرورت کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT