Friday , July 20 2018
Home / Top Stories / ’محض آدھار کے سبب عوام کو فوائد سے محروم نہ کیا جائے‘

’محض آدھار کے سبب عوام کو فوائد سے محروم نہ کیا جائے‘

ریاستوں کو مرکز کی ہدایت، ریاستی وزرائے آئی ٹی سے روی شنکر پرساد کا خطاب

نئی دہلی 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و قانون روی شنکر پرساد نے ریاستی حکومتوں پر اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ کوئی بھی ضرورت مند مرد یا خاتون محض آدھار کارڈ نہ ہونے کے سبب کسی فائدہ سے محروم نہ رہے۔ روی شنکر پرساد آج یہاں ریاستی وزراء سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اس محکمہ کے معتمدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ’’آدھار ایک بہت بڑی اور وسیع تر بنیاد ہے جو بہتر حکمرانی اور بچتوں کو یقینی بناتا ہے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آدھار سے متعلق بھی ایک قانون ہے۔ یہ قانون کہتا ہے کہ کسی مستحق ضرورت مند کو محض آدھار کے نہ ہونے کی صورت میں فوائد سے محروم نہ کیا جائے۔ اگر کسی شخص کے پاس آدھار نہیں ہے تو اُس کو آدھار حاصل کرنے کے لئے کہا جائے لیکن آپ کو چاہئے کہ متبادل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اُس (شخص) کو فوائد فراہم کریں‘‘۔ ریاستی وزرائے آئی ٹی سے خطاب کے دوران روی شنکر پرساد نے مزید کہاکہ ’’اکثر اوقات راشن کی دوکانات پر راشن نہیں دیا جاتا۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ آپ کو اس بارے میں سوچنا اور غور کرنا چاہئے‘‘۔ پرساد کے اس بیان سے ایک ہفتہ قبل یہ اطلاع منظر عام پر آئی تھی کہ گڑگاؤں میں ایک حاملہ خاتون کو محض آدھار نہ ہونے کے سبب سیول ہاسپٹل میں داخلہ نہیں دیا گیا

اور اس عورت کو دواخانہ کے باہر بچہ کو جنم دینے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ پرساد نے کہاکہ اکثر اوقات بعض عمر رسیدہ افراد کے فنگر پرنٹس (ابہام انگشت) پہلے لئے گئے نشانات سے نہیں مل پاتے۔ انھوں نے اس محکمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان (عمر رسیدہ افراد) کے آدھار نمبر ایک رجسٹر میں درج کریں۔ لیکن ایسے افراد کو ان کے مستحقہ فوائد سے محروم نہ کریں۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے مزید کہاکہ آدھار کو موٹر ڈرائیونگ لائسنس سے مربوط کرنے کے لئے حکومت کام کررہی ہے۔ انھوں نے یہ بیان کرنے کے لئے ایک مثال دی کہ ایسا کرنے سے مجرمین اور خاطیوں کی شناخت اور نشاندہی میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہاکہ عوام کو خدمات کی فراہمی کے لئے ریاستی حکومتوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کرنا چاہئے اور اگر ضروری ہو تو اپنا کچھ کام بی پی اوز کو آؤٹ سورس کرنا چاہئے جو انڈیا بی پی او پروموشن اسکیم کے تحت کھولے گئے ہیں۔ روی شنکر پرساد نے کہاکہ ’’ہم ملک میں آئندہ پانچ سال کے دوران ایک کھرب امریکی ڈالر مالیتی ڈیجیٹل معیشت بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم 50 تا 75 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کریں گے‘‘۔ وزیر آئی ٹی نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ سائبر سکیورٹی پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے عہدیداروں کو تربیت دیں کیوں کہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ کے ساتھ سائبر سکیورٹی خطرات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT