Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / محض کپتان یا کوچ بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا : عمران خان

محض کپتان یا کوچ بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا : عمران خان

اسلام آباد۔ 5 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک نہیں کریں گے، اس وقت تک کرکٹ میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ پر اپوزیشن لیڈر نے اپنی پارٹی تحریک انصاف کے زیر اہتمام کرکٹ کیمپ میں اُبھرتے فاسٹ بولروں کو مفید مشوروں سے نوازا۔کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران نے کہا کہ کیمپ میں چار پانچ بولرز ایسے نظر آئے جو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اگر کوچنگ کی جائے تو ان میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں چار بولرز ایسے تھے جو 140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پرگیندبازی کر رہے تھے۔  یہ سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے والے لڑکے ہیں جنہوں نے کسی قسم کی کلب یا فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔پاکستان کو 1992 ء کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق عظیم آل راؤنڈر نے کہا کہ ہمارے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے گراؤنڈز کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں 20 کروڑ کی آبادی ہے اور اس کے مقابلے میں 30 سے 40 لاکھ آبادی کے حامل نیوزی لینڈ میں ہم سے زیادہ گراؤنڈ ہیں، لہٰذا اگر میدان ہی نہیں ہوںگے تو ٹیلنٹ کا کیا فائدہ؟عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنی کرکٹ کا ڈھانچہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کوچ، منیجر، سلیکٹرز یا کپتان کے جانے سے کوئی فرق پڑے گا۔ہمیشہ شکست کے بعد کوچ اور کپتان تبدیل کئے جاتے رہے ہیں لیکن بنیادی مسئلہ پاکستان کرکٹ کے ڈھانچہ کو ٹھیک کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے اپنی کرکٹ ٹھیک کر لی ہے اور اگر ہم نے اپنی کرکٹ ٹھیک نہ کی تو ہمارے اور ہندوستان کی کرکٹ کے درمیان فاصلے بڑھتے رہیں گے۔عمران نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا حوالہ دیکر کہا کہ ہمیں اس جھٹکے سے سیکھنے اور اپنی کرکٹ کے نظام کو بہتربنانے کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT