محمدسراج کو حیدرآباد میں بھی موقع نہیں ملا

حیدرآباد۔11 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ کی ٹیم کا مقابلے سے ایک دن قبل ہی اعلان کردیا ہے جس کے بعد حیدرآبادی فاسٹ بولر محمدسراج کے ٹسٹ کرئیر کے آغاز میں تاخیر ہوگئی ہے۔سراج کے علاوہ اوپنرمینک اگرول کو ٹسٹ کرکٹ میں کریئر کے آغاز کا ایک مرتبہ پھر موقع نہیں مل سکا جبکہ رشبھ پنت کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ مینک کو امید تھی کہ وہ جمعہ سے ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین حیدرآباد میں شروع ہونے والے دوسرے میچ میں جگہ حاصل کرلیں گے لیکن سلیکٹروں نے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ آخری گیارہ میں راج کوٹ ٹسٹ ٹیم کے علاوہ شاردل ٹھاکر کو12 ویں کھلاڑی کے طور پر جگہ دی گئی ہے ۔ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں طویل عرصے سے جگہ حاصل کرنے کے متمنی مینک کو ایک مرتبہ پھر نظرانداز کیا گیا۔ حیدرآباد ٹسٹ سے قبل پریکٹس سیشن میں اگرچہ اوپنر مینک نے حصہ لیا تھا جس کے بعد ان کے آخری الیون میں کھیلنے کی امید ظاہر کی جارہی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ایم ایس کے پرساد کی صدارت میں بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے12 رکنی ٹیم میں انہیں کریئر کے آغاز کا موقع نہیں دیا ہے جبکہ خراب فارم سے گزرنے والے لوکیش راہول دوبارہ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ راج کوٹ کے اپنے پہلے ٹسٹ میں مین آف دی میچ بن کر ابھرنے والے اوپنر پرتھوی شا نے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے ۔نائب کپتان اجنکیا رہانے کو بھی ان کے خراب فارم کے باوجود ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ رہانے پہلے ٹسٹ میں41 رن پر آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ اپنی آخری11 اننگز میں وہ ایک بھی سنچری نہیں بنا سکے ہیں۔ ہنوما وہاری کا بھی مڈل آرڈر میں انتخاب نہیں ہوا ۔ انہیں پہلے مڈل آرڈر میں بہتر متبادل کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔بولروں میں محمد سمیع، آٖف اسپنر روی چندر اشون اور اسپنر رویندر جڈیجہ کو بھی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے لیکن سراج قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں ۔ شاردل کو 12 ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جس کے سبب ایک بار پھر محمد سراج کے ٹسٹ کریئر کا آغاز نہیں ہوسکا۔ بارہ رکنی ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے : ویراٹ کوہلی (کپتان)، پرتھوی شاہ، لوکیش راہول، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے ، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، اشون، کلدیپ یادو، محمد سمیع، امیش یادواور شاردل ٹھاکر۔

TOPPOPULARRECENT