Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمدعامر بڑے مقابلے کا کھلاڑی:آرتھر

محمدعامر بڑے مقابلے کا کھلاڑی:آرتھر

اوول۔20 جون(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے فاسٹ بولر محمد عامر کو بڑے میچ کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کا ابتدائی اسپیل تھا جس نے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستانی فتح کی راہ ہموار کی۔ محمد عامر کی بولنگ کا ہندوستانی بیٹسمینوں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا جس نے ثابت کر دیا کہ وہ حقیقی معنوں میں بڑے میچ کا کھلاڑی ہے۔ مکی آرتھر کے مطابق ان کی سوچ یہی تھی کہ ایک اچھا اسپیل میچ کے دوران انہیں برتری دلادے گا اور شکر ہے کہ محمد عامر کا پہلا اسپیل ہی کارآمد ثابت ہوا جو دباؤ کی صورتحال میں گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتا اور اس نے ’’بگ میچ‘‘ ٹمپرامنٹ کو بڑے اسٹیج پر بروقت سامنے لانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ اگرچہ ہیڈ کوچ کے ہیرو محمد عامر رہے لیکن پاکستانی بیٹنگ کو مستحکم کرنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنی شاندار اننگز عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ پہلا میچ ہارنے کے بعد ان کی ٹیم کہیں بھی نہیں تھی لیکن یہ اجتماعی کارکردگی تھی جس نے فائنل کی راہ ہموار کی اور پھر کامیابی کو بھی اپنے قبضے میں کرلیا۔ پروفیسر نے کہا کہ ان کے ساتھیوں نے مضبوط کردار کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین کارکردگی پیش کی جو پوری پاکستانی عوام کے نام کرتے ہیں جو ملک میں بین الاقومی کرکٹ کی محرومی کے سبب ایک طویل عرصے سے اس بڑی خوشی کی منتظر تھی۔یاد رہے کہ آئی سی سی چمپینس ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے پہلے اوور میں روہت شرما اور اس کے فوراً بعد حریف کپتان ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کیلئے کامیابی کی بنیاد رکھی ۔

TOPPOPULARRECENT