Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / محمد اظہر الدین پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے کانگریسی امیدوار ؟

محمد اظہر الدین پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے کانگریسی امیدوار ؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو محمد علی شبیر کی پیشکش ، خدمات سے استفادہ کرنے اُتم کمار ریڈی کا اعلان

میں نے ملک بھر میں کانگریس کیلئے مہم چلائی، اب تلنگانہ میں چلے گی لہر

حیدرآباد ۔ 19 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سابق کپتان انڈین کرکٹ ٹیم محمد اظہر الدین آئندہ عام انتخابات میں حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے امیدوار ہوں گے ؟ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے محمد اظہر الدین کی خواہش پر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے مراد آباد کے بجائے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کی محمد اظہر الدین کو پیشکش کی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے محمد اظہر الدین کی خواہش کا خیر مقدم کیا ۔ چارمینار کے دامن میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ عام میں سابق انڈین کرکٹ ٹیم کے کیپٹن و سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین عوامی توجہ کا مرکز بن گئے ۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے اور ان سے مصافحہ کرنے اور ان کیساتھ تصویر کشی کیلئے عوام اور کانگریس کے کارکن اُمنڈ پڑے ۔ شہر حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی کی جانب سے جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین اور سابق اسپیشل چیف سکریٹری حکومت آندھرا پردیش ایم گوپال کرشنا کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈس پیش کیے گئے ۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے محمد اظہر الدین نے کہا کہ راجیو گاندھی عظیم شخصیت کے نام سے موسوم ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ جب انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کی پہلی سنچری بنائی تھی ۔ تب راجیو گاندھی نے انہیں مبارکباد دی تھی ۔ انہوں نے راجیو گاندھی سے اپنے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب راجیو گاندھی ملک کے وزیراعظم تھے تب ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے زیادہ کامیابیاں حاصل کی تھی ۔ راجیو گاندھی کے امن و امان اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا تمام کانگریس کارکنوں کی ذمہ داری ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قائدین متحد ہوتے ہیں تو کوئی طاقت کانگریس کو شکست نہیں دے سکتی ۔ انہوں نے کانگریس کے قائدین کو اپنی صفحوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے بڑی کامیابی صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کو تحفے میں پیش کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ سارے ملک میں ماحول کانگریس کیلئے سازگار ہوگیا ہے ۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ وہ حیدرآبادی ہیں اور حیدرآباد کے عوام نے انہیں بہت پیار اور سپوٹ دیا ہے ۔ انہوں نے  ملک کے مختلف حصوں میں پارٹی کے لیے خدمات انجام دیا ہے ۔ اب اپنی سرزمین حیدرآباد و تلنگانہ کے لیے خدمات انجام دینا چاہتے ہیں لیکن پارٹی نے ان کی خدمات سے استفادہ نہیں کیا ہے ۔ میں ہمیشہ پارٹی کی خدمات کیلئے دستیاب رہوں گا ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے اعتراف کیا کہ ہم نے فرزند حیدرآباد سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کی خدمات سے حیدرآباد و تلنگانہ کیلئے استفادہ نہیں کیا ہے ۔ لیکن ابھی بھی دیر نہیں ہوئی ہے ۔ ہم اپنی کوتاہیوں کو فراموش کررہے ہیں اورمحمد اظہر الدین سے خواہش کرتے ہیں کہ آئندہ جب بھی عام انتخابات منعقد ہوں گے وہ اترپردیش کے مراد آباد کے بجائے حیدرآباد لوک سبھا نشست سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں ہم سب محمد اظہر الدین کا مکمل ساتھ دیں گے اور مستقبل میں کانگریس پارٹی محمد اظہر الدین کی خدمات سے بھر پور استفادہ کرے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک اور تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج آر سی کنٹیا نے بھی محمد اظہر الدین کی تلنگانہ کانگریس کیلئے خدمات سے استفادہ کرنے کا اعلان کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے محمد علی شبیر کی بات سے اتفاق کیا کہ ماضی میں ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں تاہم مستقبل میں اس کا ازالہ کیا جائے گا ۔ کانگریس کے ہر اجلاس اور جلسوں میں محمد اظہر الدین کو مدعو کیا جائے گا اور وہ بحیثیت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی یہ طمانیت دیتے ہیں کہ تلنگانہ میں محمد اظہر الدین پارلیمنٹ یا اسمبلی کے لیے مقابلہ کرنا چاہتے تو انہیں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا ۔ محمد اظہر الدین سے جب حیدرآباد لوک سبھا سے مقابلہ کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے پارٹی ہائی کمان کے ہر فیصلے کا احترام کرنے کا اعلان کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT