Monday , February 26 2018
Home / Top Stories / محمد بن تغلق نے بھی نوٹ بندی نافذ کی تھی

محمد بن تغلق نے بھی نوٹ بندی نافذ کی تھی

وزیراعظم مودی کے متنازعہ اقدام پر تنقید ، یشونت سنہا کی تقریر
احمدآباد ۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر فینانس بی جے پی قائد یشونت سنہا نے وزیراعظم نریندر مودی کی نوٹوں کی تنسیخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چودھویں صدی عیسوی کے دہلی کے سلطان محمد بن تغلق نے بھی 700 سال قبل نوٹ بندی نافذ کی تھی ۔ مودی کے متنازعہ اقدام پر تنقید کرتے ہوئے یشونت سنہا نے ایک تقریر کے دوران الزام عائد کیا کہ نوٹوں کی تنسیخ سے معیشت کو 3.75 لاکھ کروڑ روپئے کانقصان پہونچا ہے ۔ شہنشاہ قبل ازیں اپنے خود سکہ جاری کیا کرتے تھے ۔ بعض شہنشاہ سابق سکوں کو برقرار رکھتے تھے ۔ جبکہ نئے سکہ جاری کئے جاتے تھے لیکن ایک شہنشاہ محمد بن تغلق نے 700 سال قبل پرانی کرنسی منسوخ کرتے ہوئے خود اپنی کرنسی جاری کی تھی ۔ اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ نوٹ بندی 700 سال قبل ہوچکی ہے ۔ حالانکہ محمد بن تغلق دارالحکومت دہلی سے دولت آباد منتقل کرنے کے لئے بدنام ہے ، لیکن اُس نے نوٹ بندی بھی کی تھی ۔ محمد بن تغلق دہلی کی سلطنت میں مختصر مدت کے لئے چودہویں صدی عیسوی کے دوران برسراقتدار رہ چکا ہے ۔ وہ اپنے متنازعہ فیصلوں جیسے دارالحکومت کی دہلی سے دولت آباد منتقلی اور غیرقیمتی دھاتوں کی کرنسی متعارف کرنے کے لئے بدنام ہے ۔ یشونت سنہا کو کارکنوں کے ایک گروپ نے ’’لوک شاہی بچاؤ ابھیان (جمہوریت بچاؤ تحریک ) ‘‘ کے پرچم تلے نوٹ بندی اور اشیاء و خدمات ٹیکس ( جی ایس ٹی ) کے بارے میں اظہارخیال کی دعوت دی تھی ۔ یشونت سنہا نے دعویٰ کیا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے ۔ وقت گذرتا جارہاہے کہ معیشت کی موجودہ صورتحال میں اس کے لئے کچھ کیا جائے ۔ انھوں نے ہندوستانی معیشت کے نگرانکار مرکز کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نوٹوں کی تنسیخ کی لاگت 1,28,000 کروڑ روپئے ہوتی ہے ۔ نوٹ بندی کی راست لاگت جیسے نئے نوٹوں کی طباعت 128000 کروڑ روپئے ہوتی ہے ۔ اگر ہم معیشت کی شرح ترقی میں نوٹ بندی کی وجہ سے 1.5 فیصد انحطاط کو پیش نظر رکھیں تو یہ 2,25,000 کروڑ روپئے سے زیادہ ہوجاتی ہے ۔ یشونت سنہا اٹل بہاری واجپائی زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں وزیر فینانس تھے ۔ انھوں نے کہاکہ نوٹوں کی تنسیخ اور جی ایس ٹی کے نفاذ کو ذرائع ابلاغ کے واقعات سمجھا گیاہے ۔

TOPPOPULARRECENT