Saturday , December 15 2018

محمد حفیظ کو بولنگ چھوڑدینا چاہیئے:اکرم

کراچی۔17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق ٹسٹ کپتان وسیم اکرم نے محمد حفیظ کو بولنگ چھوڑ کر صرف بیٹنگ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پابندی لگنے میں محمد حفیظ کا اپنا قصور بھی ہے، وہ مسلسل بولنگ کرنے کے دوران تھکان کا شکار ہوجاتے تو بازومیں خم بڑھ جاتا تھا، اگر میں حفیظ کی جگہ ہوتا تو بولنگ کوخیر باد کہہ کر اپنی توجہ مکمل طور پر صرف بیٹنگ پر ہی مرکوز رکھتا۔سابق کپتان نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ محمد حفیظ کی صورت میں پاکستان کو ایک اچھے آل رائونڈر کی خدمات میسر تھی لیکن یہ آئی سی سی کا فیصلہ ہے، بائیو مکینک ٹسٹ میں ناکامی پر ایک مرتبہ پھر بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قراردیے جانے کے بعد اب حفیظ کو اپنی توجہ بیٹنگ پر رکھنے کی ضرورت ہے۔ وہ اس شعبے میں مزید محنت کرکے اپنی اہلیت کو ثابت کریں۔ٹی 10کرکٹ کے حوالے سے سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ اب لوگوں کے پاس وقت نہیں ہے، ایک دور ٹسٹ کرکٹ کا تھا، جب 80 کے دہے میں ونڈے کرکٹ کا آغازہوا تو بہت شورمچا تھا، پھر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ آگئی تو تب بھی آوازیں بلند ہوئیں، میرے خیال میں کرکٹ کی اصل روح ٹسٹ اور ونڈے میں ہی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی اور ٹی ٹین کرکٹ تفریح ہیں تاہم امید ہے کہ نئی طرز کی کرکٹ اچھی رہے گی جب کہ میں بھی اس حوالے سے بہت پْرجوش ہوں۔

TOPPOPULARRECENT