Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر میں ایک عظیم بولر موجود:اکرم

محمد عامر میں ایک عظیم بولر موجود:اکرم

کراچی۔25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر عالمی معیار کے ایک بہترین  فاسٹ باؤلر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ  ان کی عمر بھی کم ہے جبکہ ان کا مستقبل انتہائی شاندار ہے۔ ایک پاکستانی ویب سائیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا ہے  کہ فی الحال عامر کو ڈومسٹک کرکٹ میں ایک مکمل سیزن کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنے اعتماد میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عامر نے جو غلطی کی اس کی معافی مانگ لی ہے اور انہیں ایک اور موقع دینا چاہئے۔ سعید اجمل کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اکرم  نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لئے بے انتہا خدمات سرانجام دی ہیں اور جب تک وہ وکٹیں لے رہے ہیں وہ پاکستان کے لئے دوبارہ کھیل سکتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اجمل کو اپنے نئے ایکشن سے کوئی پریشانی تو نہیں اور وہ اس نئے ایکشن سے موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ یونس خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر  نے کہا کہ انہیں وہ پہچان نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں وہ کسی بھی کھلاڑی کے برابر حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر آپ موجودہ عظیم  بیٹسمینوں کی بات کریں جیسے ویرات کوہلی، اے بی ڈیویلیئرز، مائیکل کلارک یا اسٹیو اسمتھ تو یونس کو بھی اس فہرست میں شامل کرنا چاہئے۔  یونس ایماندار اور محنت کرنے والے انسان ہیں۔ ان کی کارکردگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے اور مجھے ان پر اور ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ پاکستان میں فاسٹ بولنگ  پر تبصرہ کرتے ہوئے ماضی کے عظیم بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں فاسٹ بولنگ صلاحتیں کبھی ختم نہیں ہوگیں۔

TOPPOPULARRECENT