Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر کا دورۂ نیوزی لینڈ ویزا سے مشروط

محمد عامر کا دورۂ نیوزی لینڈ ویزا سے مشروط

کراچی۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت پر تحفظات ظاہر کرنے والے کھلاڑیوں کو منانے اورناراض کرکٹرز کی شکایت دور کرنے کی ذمہ داری ہیڈ کوچ وقار یونس اور اسپین بولنگ کوچ مشتاق احمد کو دی ہے۔ تاہم محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت ان کے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ویزے سے مشروط ہے۔ دریں اثناء قانونی ماہرین کے مطابق ان کی واپسی ورلڈ کپ میں ہندوستانی دورے  سے ہوسکتی ہے۔ بائیں ہاتھ کے  فاسٹ بولر  عامر کے وکیل سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی وضاحتیں طلب کی  ہیں۔ مستقبل میں ویزا ملنے کے حالات میں  پی سی بی ان کے ویزے کی باضابطہ درخواست دے گا۔ نیوزی لینڈ جانے کے لئے ان کے لئے آسٹریلیا کا ٹرانزٹ ویزا بھی درکار ہوگا ۔ ذرائع کے بموجب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کامن ویلتھ مما لک  میں شامل ہیں جو ملکہ برطانیہ کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ قانونی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس وقت عامر کے ویزے کے لئے درخواست دے گا جب یقین ہوگا کہ ان کا ویزا مسترد نہیں ہوگا ۔ نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک میں فوجداری مقدمات  میں سزا یافتہ افراد کو پانچ سال کے لئے ویزے جاری نہیں کئے جاتے۔ اگر عامر کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا ویزا نہیں ملا تو انہیں اگلے سال انگلینڈ کا بھی ویزا نہیں ملے گا لیکن  امکان ہے کہ ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستان کا ویزا آسانی سے مل سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT