Saturday , September 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر2019 ورلڈ کپ میں دھوم مچانے کے خواہاں

محمد عامر2019 ورلڈ کپ میں دھوم مچانے کے خواہاں

لاہور۔22 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) محمد عامر نے کہا ہے کہ پابندی کی وجہ سے ورلڈ کپ 2011ء اور 2015ء نہ کھیلنے کا افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2019ء میں تہلکہ مچانے کی ٹھان لی ہے۔ اپنی کارکردگی سے گہرا تاثر چھوڑنا چاہتا ہوں۔ محمد عامر نے کہا کہ میں تینوں طرز کی کرکٹ میں اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کیلئے پراکٹس کے سخت لائحہ عمل پر عمل پیرا رہتا ہوں۔ 2010ء اسپاٹ فکسنگ میں سزا مکمل کرنے کے بعد واپسی تک کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں ہوئیں،اس کا انداز یکسر بدل چکا،خاص طور پر محدود اوورز کے کھیل میں بولروں کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ونڈے میچز میں 300 سے زائد رنز عام سی بات ہوگئی ہے، میچز میں بڑے اسکور معمول بن چکے ہیں۔ دائرے کے اندر فیلڈرز کھڑے کرنے کا قانون متعارف کروائے جانے سے بولرز کو اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کیلئے نئی گیندوں پر کام کرنا پڑا۔کھیل میں اس قدر تیزی آنے کی وجہ مختلف ملکوں میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ پہلے سے بہت زیادہ مشکل اور محنت طلب کھیل ہوگیا ہے۔مکی آرتھر کی طرف سے ٹسٹ کرکٹ میں شارٹ لینتھ گیندوں کی وجہ سے زیادہ کامیاب نہ رہنے کے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ واپسی کے وقت زیادہ فرسٹ کلاس میچز نہ ملنے کی وجہ سے میں ابتدا میں شارٹ گیندیں زیادہ کرتا تھا، بعد ازاں بہتری لانے کی کوشش کی اور مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے۔ویسٹ انڈیز میں زیادہ کامیابی ملی،اس کے ساتھ ایک اور پہلو بھی مد نظر رکھنا چاہیے کہ ایک ڈیڑھ سال میں ٹسٹ میچز کے دوران میری بولنگ پر 16کے قریب کیچز بھی چھوڑے گئے ایسا نہ ہوتا تو میرا ٹسٹ ریکارڈ خاصا بہتر نظر آتا،ہم کسی کو الزام نہیں دے سکتے، کوئی فیلڈرنہیں چاہتا کہ کیچ چھوڑ دے۔یاد رہے چمپینس ٹرافی 2017ء کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف محمد عامر نے ٹیم کو چمپین بنوانے والی بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT