Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عرفان اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں معطل

محمد عرفان اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں معطل

کراچی ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر محمد عرفان کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں معطل کر دیا۔پی سی بی نے محمد عرفان کو سٹہ بازوں سے رابطے رکھنے پر معطل کرکے انہیں چارج شیٹ بھی تھما دی۔ذرائع کے مطابق محمد عرفان کے خلاف پی سی بی کے پاس شواہد بھی موجود ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز محمد عرفان پاکستان کر کٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔انہوں نے ٹریبیونل کو بتایا تھا کہ وہ والد کے انتقال کی وجہ سے پریشان تھے، اسی لئے پی سی بی کو سٹہ بازوں سے رابطہ کرنے کے حوالے سے نہیں بتا سکے، تاہم انہوں نے کسی بھی قسم کی فکسنگ کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ محمد عرفان نے آئین کے آرٹیکل 2.2 اور 2.4 کی خلاف ورزی کی ہے، انھوں نے چاہے کسی قسم کی کوئی فکسنگ کی ہو یا نہ کی ہو لیکن سٹہ بازوں سے رابطہ ہونے کے بعد انھیں پی سی بی کو آگاہ کرنا چاہیئے تھا۔مذکورہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر عرفان کو چارج شیٹ دے دی گئی اور ساتھ ہی انہیں 14 دن کے اندر جواب جمع کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔علاوہ ازیں کراچی کے اوپنر  شاہ زیب حسن بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوران منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان پہلے ہی معطل کئے جا چکے ہیں۔اس موقع پر پی سی بی کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن اور پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا  کہ پاکستان سوپر لیگ کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا، ہم کھلاڑیوں کی کسی بدعنوان سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT