Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عرفان واقعی دیو قامت کرکٹر ہیں : انگلش اوپنر

محمد عرفان واقعی دیو قامت کرکٹر ہیں : انگلش اوپنر

شارجہ ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر جیسن روئے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز میں دیوقامت پیس بولر محمد عرفان کا سامنا کرنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ 7′-1″ قد کے حامل عرفان نے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ونڈے میچ میں جیسن کو دوسری گیند پر بولڈ کردیا تھا اور مجموعی طورپر 35 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پاکستان نے اس میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ محمد عرفان کرکٹ کی تاریخ کے سب سے طویل قامت بولر ہیں۔ جیسن نے کہا: ’’عرفان واقعی ایک دیو ہیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح انھوں نے پہلے میچ میں میرے خلاف بولنگ کی یہ مختلف تھا، اس کیلئے عادی ہونے کی ضرورت ہے اور اس پر کام کرنا پڑے گا لیکن اُن سے نمٹنا واقعی بہت مشکل ہے۔ جیسن نے دوسرے میچ میں شاندار 54 رنز بنائے اور انگلینڈ نے 283/5 بنا کر پاکستان کو شکست دے دی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’عرفان جو دکھائی دیتے ہیں اس سے زیادہ تیز نظر آتے ہیں کیونکہ وہ تقریباً 11 فٹ کی اونچائی سے گیند پھینکتے ہیں لیکن مجھے سرے کاؤنٹی میں کرس ٹریملٹ جیسے بلند قد والے بولروں کے خلاف کھیلنے کا کچھ تجر بہ حاصل ہے۔ جیسن نے کہا کہ انگلینڈ کے بیٹسمنوں نے لیگ اسپنر یاسر شاہ پر ٹسٹ سیریز میں انھیں 15 وکٹیں دینے کے بعد ونڈے میچوں میں قابو پالیا ہے۔ دوسرے ونڈے میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کی جانب سے سیریز برابر کرنے پر انگلش اوپنر نے کہا کہ ابھی صرف دو میچ ہوئے ہیں اور وہ معیاری اسپنر ہیں، اس لئے ہمیشہ ایسے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے برتری حاصل رہتی ہے لیکن میرے خیال میں ہمیں اپنے انداز میں کھیلنا پڑے گا۔ پاکستان نے ٹسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پہلا ونڈے 6 وکٹ سے جیت کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔ تاہم انگلینڈ نے دوسرا ونڈے 95 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT