Wednesday , December 19 2018

محمد علی جناح عظیم شخصیت تھے ‘ احترام کیا جانا چاہئے

حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے مسئلہ کو ہوا دی جا رہی ہے ۔ بی جے پی ایم پی ساوتری بائی پھولے
بہرائچ 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) علیگڈھ مسلم یونیورسٹی میں محمد علی جناح کی تصویر پر جاری تنازعہ کے دوران مقامی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ساوتری بائی پھولے نے ‘ جو دلتوں کے مسائل پر حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنا رہی ہیں‘ بانی پاکستان کو ’’ مہا پرش ‘‘ (عظیم شخصیت ) قرار دیا ۔ ان کے اس بیان سے پارٹی کیلئے الجھن آمیز صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ ساوتری بائی پولے نے الزام عائد کیا کہ جناح کے تنازعہ کو اس لئے ہوا دی گئی تاکہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے جن میں دلتوں کیلئے مساوی حقوق کی بات بھی شامل ہے ۔ پھولے نے کل رات یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن جن عظیم شخصیتوں نے ملک کی جدوجہد آزادی میں اپنا رول ادا کیا ہے ان کی ذات یا برادری پر تحفظت کے بغیر ان کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ اس سوال پر کہ کیا وہ محمد علی جناح کو ایک عظیم شخصیت سمجھتی ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایک عظیم شخصیت تھے ‘ ہیں اور ہمیشہ ایک عظیم شخصیت رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عظیم شخصیت کی پورٹریٹ کی جہاں کہیں ضرورت ہو اسے پوری عزت کے ساتھ لگایا جانا چاہئے ۔ جناح کی عزت و احترام جدوجہد آزادی کے وقت سے کی جاتی ہے ‘ ان کی تصویر لوک سبھا میں لگائی گئی ہے ۔ ان کا نام احترام سے لیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جناح تنازعہ کو اس لئے ہوا دی جا رہی ہے تاکہ بہوجن سماج کے حقیقی مسائل ‘ غربت ‘ فاقہ کشی وغیرہ سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT