Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / محمد علی شبیر کو گریٹر سٹی آف شکاگو کا ایم ڈبلیو آر ڈی ایوارڈ

محمد علی شبیر کو گریٹر سٹی آف شکاگو کا ایم ڈبلیو آر ڈی ایوارڈ

شکاگو میں ایوارڈ تقریب ، آبی تحفظ اور موثر استعمال کی مساعی پر تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد۔7 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر سٹی آف شکاگو کی جانب سے قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر کو باوقار MWRD ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سلسلہ میں شکاگو میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں 2004تا 2014ء آبی تحفظ اور اس کے موثر استعمال کے سلسلہ میں محمد علی شبیر کی مساعی پر یہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ محمد علی شبیر ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ گریٹر شکاگو کی جانب سے یہ وارڈ حاصل کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی ہیں۔ ایوارڈ کے علاوہ انہیں سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا۔ MWRD بورڈ کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی تھی جس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے ایوارڈ کی پیشکشی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ ایوارڈ تلنگانہ کے سر پر ایک تاج کی طرح ہے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ اور اس کے بہتر استعمال کے سلسلہ میں گریکٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کانگریس دور حکومت میں کیئے گئے اقدامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 25 برسوں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے پانی کے تحفظ کے اقدامات کئے ہیں۔ محمد علی شبیر نے MWRD کی جانب سے شکاگو میں واٹر کنزرویشن مہم کے آغاز کی ستائش کی اور ادارے کے صدرنشین فرینک الیوا کو دورۂ حیدرآباد کی دعوت دی تاکہ آبی تحفظ سے متعلق حیدرآباد کے اقدامات سے جانکاری حاصل کریں۔ MWRD کے صدرنشین فرینک الیوا نے کہا کہ آبی تحفظ کے سلسلہ میں محمد علی شبیر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تفصیلات کو امریکہ کی تمام یونیورسٹیز میں فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے انسانیت اور ترقی کے سلسلہ میں محمد علی شبیر کے خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ MWRD نے کرشنا دیورائے یونیورسٹی مچلی پٹنم آندھراپردیش سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں تاکہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں باہمی تعاون سے کام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی تمام یونیورسٹیز میں اسے مستقل طور پر شامل کیا گیا ہے اور کوئی بھی شخص محمد علی شبیر کی خدمات کے بارے میں جان سکتا ہے۔ کسی بھی یونیورسٹی میں محمد علی شبیر کی انسانیت کے لیے خدمات اور ان کی ترقی کے بارے میں ریسرچ کی گنجائش رہے گی۔ MWRD ادارے کی جانب سے مشیگن لیک کے تحفظ اور صحت عامہ کی برقراری کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ اس جھیل کے اطراف کے علاقوں میں معیاری پانی کو یقینی بنانا اور سیلاب کے نقصانات سے مکانات و تجارتی اداروں کا تحفظ کرنا اس ادارے کی ذمہ داری ہے۔ MWRD ایک نامور کمپنی ہے جو امریکہ میں بڑے واٹر پائپ لائنس کی نگہداشت کا کام انجام دیتی ہے۔ ایوارڈ کی پیشکشی کے موقع پر شکاگو کی نامور شخصیتیں موجود تھیں جن میں سید ریاض حسینی، خواجہ معین الدین، جتیندر سنگھ بیدی اور دوسرے شامل ہیں۔ امریکہ میں اپنے قیام کے دوران محمد علی شبیر مختلف اہم شہروں کا دورہ کرتے ہوئے صحت اور پانی کے شعبوں میں خدمات کا جائزہ لیں گے۔ 17 اپریل تک ان کا امریکہ میں قیام رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT