Tuesday , October 16 2018
Home / شہر کی خبریں / محمد محمود علی کی اسمبلی میں تلگودانی، ایوان کو حیرت

محمد محمود علی کی اسمبلی میں تلگودانی، ایوان کو حیرت

کانگریس کے رکن ٹی سدھاکر ریڈی کے استفسار پر ڈپٹی چیف منسٹر کا جواب
حیدرآباد۔17 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں تلگودانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوان کو حیرت میں ڈال دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران کسانوں کو پٹہ دار پاس بک کی اجرائی سے متعلق کانگریس کے رکن ٹی سدھاکر ریڈی کے سوال کا جواب ڈپٹی چیف منسٹر نے تلگو زبان میں پڑھا۔ ان کی تلگودانی سے متاثر ہوکر ارکان نے میزیں تھپتھپاتے ہوئے استقبال کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے نہ صرف تحریری جواب تلگو میں پڑھا بلکہ ضمنی سوالات کے جواب بھی تلگو میں دیئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر آج حیدرآبادی روایتی لباس میں نظر آئے۔ وہ شیروانی اور ٹوپی زیب تن کیئے ہوئے تھے۔ اس لباس میں تلگو زبان میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ارکان کو متاثر کیا۔ ارکان کے علاوہ پریس گیلری میں موجود صحافی بھی حیرت سے ڈپٹی چیف منسٹر کی تلگودانی کے مظاہرے کو دیکھ کر ستائش کررہے تھے۔ ایوان میں عام طور پر تلگوداں ارکان کی اردو دانی کی ستائش کی جاتی ہے لیکن محمد محمود علی نے آج ایک صحتمند روایت کا آغاز کیا اور اپنی تلگودانی سے ریاست کی پہلی سرکاری زبان کے ساتھ انصاف کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT