Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / محمد محمود علی کی بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پر حاضری ، چادر گل کی پیشکشی

محمد محمود علی کی بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پر حاضری ، چادر گل کی پیشکشی

کے سی آر کے وزیراعظم بننے کے لیے دعائیں ، رباط کے لیے اراضی نشاندہی کا معائنہ
حیدرآباد۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے اجمیر میں زائرین کے لیے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اجمیر میں بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پر حاضری کے بعد ضلع کلکٹر اجمیر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ مختلف مقامات پر اراضی کا معائنہ کیا۔ راجستھان حکومت نے چیف منسٹر کے سی آر کی خواہش پر تلنگانہ کے زائرین کے لیے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں ایک ایکڑ اراضی الاٹ کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان، رکن اقلیتی کمیشن محمد ارشد علی خان، کارپوریٹر محمد شفیع اور ٹی آر ایس قائد شریف الدین کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر نے تقریباً 4 مقامات پر اراضی کا معائنہ کیا۔ یہ اراضی درگاہ شریف سے تقریباً 5 تا 7 کیلومیٹر دوری پر ہے۔ تلنگانہ حکومت درگاہ کے قریبی علاقے میں رباط کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ زائرین کو نہ صرف قیام کی سہولت رہے بلکہ وہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات سے بچ سکیں۔ کلکٹر اجمیر گورو گوئل اور صدرنشین اجمیر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی شیوشنکر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو اراضی کا معائنہ کرایا۔ درگاہ سے قریب میں ایک خانگی اراضی کا بھی معائنہ کیا گیا جس کے مالکین نے فروخت کے سلسلہ میں بھاری رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ اراضی کے مالکین سے بات چیت جاری ہے اور اگر وہ مناسب قیمت کے لیے تیار ہوں تو تلنگانہ حکومت اراضی حاصل کرلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خانگی اراضی درگاہ سے قریب ہے اور زائرین پیدل بآسانی جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار کل ہفتہ کے دن بعض دیگر مقامات پر اراضی کی نشاندہی کریں گے۔ اراضیات کے معائنے کے بعد کسی موزوں مقام کی نشاندہی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 5 کروڑ روپئے سے رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ کل تک اراضی کی نشاندہی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے الاٹمنٹ کے ساتھ ہی تعمیری کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے مقامی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کے زائرین کے لیے رباط کی تعمیر کی منت مانگی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور ان کے ساتھ موجود قائدین نے صبح میں بارگاہ غریب نواز پر حاضری دی اور بصدعقیدت و احترام چادر پیش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے قائم کیے جارہے تیسرے محاذ کی کامیابی اور کے سی آر کے وزیراعظم بننے کے لیے دعا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی صحت اور تلنگانہ کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حکومت راجستھان اور عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے جو بھی قدم اٹھایا ہے ہمیشہ انہیں بزرگان دین کی دعائیں حاصل رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر ہمیشہ اولیاء اللہ کی بارگاہوں پر حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کی ترقی کے لیے چیف منسٹر کے منصوبے کا ذکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT