Sunday , November 18 2018
Home / Top Stories / محمود عباس اور پوٹن کی ملاقات

محمود عباس اور پوٹن کی ملاقات

ماسکو،13فروری (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی صدر محمود عباس اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران فلسطین کے صدر محمودعباس نے روسی ہم منصب سے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں صدر پوٹن کاکہنا تھا کہ تنازعہ حل کرنے کے لیے فلسطین کا موقف جاننا ضروری ہے جبکہ صدر عباس کا کہنا تھا کہ تنازعہ کے حل میں امریکہ واحد ثالث کے طور پر قبول نہیں۔ملاقات سے قبل صدر پوٹن نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ سے ٹیلیفون پر اسرائیل فلسطین تنازعہ پر بات کی ہے ، صدر ٹرمپ نے روسی ہم منصب سے روس میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس بھی کیا۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں غیرقانونی اسرائیلی آبادکاری سے امن عمل متاثر ہوسکتا ہے ۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک اسرائیلی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل یہودی آبادکاری کے معاملے میں احتیاط سے کام لے ۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل فی الحال امن مذاکرات کے لیے راضی نظر نہیں آتے ۔اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ انہوں نے تعمیرات کو مقبوضہ بیت المقدس سے منسلک کرنے کے حوالہ سے امریکہ سے بات کی ہے تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایسی کسی تجویز کے بارے میں بات ہونے یا اس کی حمایت سے انکار کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT