Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / محمود علی کی رہائش گاہ پر حامیوں اور خیرخواہوں کا تانتا بندھ گیا

محمود علی کی رہائش گاہ پر حامیوں اور خیرخواہوں کا تانتا بندھ گیا

حیدرآباد۔2جون ( سیاست ڈاٹ کام) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر مقرر کئے جانے پر مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ‘ آج صبح ہی سے اعظم پورہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ مسلم شخصیات کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ دوسری طرف ٹیلی فون پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری تھا ۔ راج بھون میں حلف برداری اور پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب کے علاوہ سکریٹریٹ میں منعقدہ کابینی اجلاس میں شرکت کے بعد جیسے ہی مسٹر محمود علی دوپہر اپنی رہائش گاہ واپس پہنچے وہاں ان کے پُرجوش حامیوں ‘ خیرخواہوں اور مداحوں کا بڑا ہجوم دیکھا گیا ۔ سینکڑوں افراد نے ان کی بکثرت گلپوشی کرتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی ۔مسٹر محمود علی کو بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر مقرر کئے جانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ مسٹر محمود علی رہائش گاہ پر ان کے حامیوں اور بہی خواہوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔ بیرونی ممالک ‘ خلیج عرب اور مغربی ممالک سے بھی انہیں مبارکباد کے کالس موصول ہورہے ہیں ۔ اعظم پورہ چمن کے پاس ہر طرف ٹی آر ایس گلابی پرچم لگائے گئے ہیں اور پُرجوش حامیوں کی آمد و رفت میں اضافہ کے ساتھ سارا علاقہ جشن کا منظر پیش کررہا ہے ۔
تلنگانہ میں مرکزی فنڈز کی فراہمی کا آغاز
نئی دہلی ۔2جون ( پی ٹی آئی) تلنگانہ بالآخر ہندوستان کی 29ویں ریاست بن گئی جس کے ساتھ ہی حکومت ہند اس نئی ریاست کو فنڈز کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے ۔ وزارت فینانس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کو آج سے فنڈز کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ جنہوں نے علحدہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کی قیادت کی تھی آج اس نئی ریاست کے چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا ۔ تیرھویں فینانس کمیشن کی سفارشات کے مطابق مرکزی قابل تقسیم پول سے ریاستوں کو ہر ماہ کی پہلے یوم کار سے اُن کا حصہ ادا کیا جاتا ہے ۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون 2014ء کے مطابق تلنگانہ کا آج سے باضابطہ قیام عمل میں آیا ۔ چنانچہ آج ہی نئی ریاست تلنگانہ کو ماضی کی متحدہ ریاست آندھراپردیش کو ادا کئے جانے والے فنڈز کا ایک حصہ ادا کیا گیا ۔ اس طرح دونوں ریاستوں میں فنڈز کی الگ الگ تقسیم عمل میں آئی ۔

TOPPOPULARRECENT