Tuesday , December 11 2018

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں آن لائین خدمات

حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں تمام کام و سرگرمیاں آئندہ سے مکمل طور پر آن لائن میں جاری رکھنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر اروند کمار ریاستی کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد محکمہ کے مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے کیلئے تمام دفتری کام آن لائین انجام دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر اروند کمار نے مزید بتایا کہ جب وہ دہلی میں تلنگانہ بھون ریسیڈنٹ کمشنر کے عہدہ پر فائز تھے تب وہ تمام دفتری کام آن لائن کے ذریعہ ہی انجام دیا کرتے تھے۔ لہذا ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں بھی انفارمیشن ٹکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیئے تاکہ ہر کام کو آسان بنایا جاسکے۔ ریاستی کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ حکومت کی فلاح و بہبودی کے پروگراموں و اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا اہم رول ادا کریں۔ مسٹر اروند کمار کا بحیثیت کمشنر ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جائزہ لینے پر محکمہ کے تمام عہدیداروں نے خیرمقدم کیا اور محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

TOPPOPULARRECENT