Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ اقلیتی بہبود میں 80 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری

محکمہ اقلیتی بہبود میں 80 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری

عہدیدار و ملازمین شامل ۔ جلد احکام کی اجرائی متوقع ۔ زمرہ اور تنخواہوں کی نشاندہی
حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں پہلی مرتبہ 80 عہدیداروں اور ملازمین کے تقررات کو محکمہ فینانس نے منظوری دے دی ہے اور توقع ہے کہ جلد احکامات جاری کئے جائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کابینہ میں 80 افراد پر مبنی عملے کے تقرر سے متعلق فیصلہ پر عاجلانہ عمل آوری کیلئے محکمہ فینانس کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے جس میں ملازمین کی تعداد اور انکے زمرہ اور تنخواہوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ 60 ملازمین اضلاع میں محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے تقرر کئے جائیں گے جبکہ حیدرآباد میں اقلیتی بہبود کے ہیڈکوارٹر میں 20ملازمین کا تقرر کیا جائیگا۔ اس طرح محکمہ میں ملازمین کی کمی کو کسی حد تک دور کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ تقررات کو حکومت نے منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی منظوری سے متعلقہ تفصیلات محکمہ فینانس کو روانہ کردی گئیں اور بہت جلد احکامات کی اجرائی عمل میں آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے طریقہ کار کو جلد قطعیت دی جائے گی اور بعض تقررات پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو نہیں ہوگا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود نے تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے 60انگلش میڈیم اقامتی مدارس کے قیام کیلئے 1786 کروڑ روپئے کی ضرورت سے متعلق فائیل محکمہ فینانس کو روانہ کی ہے۔ حکومت لڑکیوںکیلئے 30اور لڑکوں کیلئے 30اقامتی اسکولس کے آئندہ تعلیمی سال سے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پہلے سال یہ اسکولس کرایہ کی عمارتوں میں کام کرینگے اور کلکٹرس کی جانب سے اراضی کی نشاندہی کے بعد مستقل عمارت تعمیر کی جائیگی۔ سرکاری اراضی یا پھر اوقافی اراضی پر بلڈنگس تعمیر ہونگی اور ہر عمارت پر 20کروڑ روپئے خرچ کا امکان ہے۔ حکومت نے ان مدارس کیلئے ٹیچنگ ؤ نان ٹیچنگ اسٹاف کو بھی منظوری دے دی ہے۔ عمارتوں کی تعمیر اور اسٹاف کے تقرر اور مینٹننس کیلئے جملہ 1786کروڑ روپئے درکار ہونگے۔ پہلے سال ان اسکولس میں پانچویں تا ساتویں جماعت تک تعلیم کا انتظام کیا جائے گا اور ایس سی ، ایس ٹی اقامتی اسکولس کی طرز پر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT