Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر حکومت کا اظہارناراضگی

محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر حکومت کا اظہارناراضگی

روزنامہ سیاست میں انکشافات پر حکومت کی عہدیداروں پر برہمی

روزنامہ سیاست میں انکشافات پر حکومت کی عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد۔/20جون، (سیاست نیوز) اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں سست رفتار، بجٹ کی اجرائی میں تاخیر اور اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل سے متعلق انکشافات پر تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ روز نامہ ’سیاست‘ میں اقلیتی بہبود سے متعلق اُمور پر خبروں کی اشاعت سے برہم ہوکر حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی مسئلہ پر میڈیا سے رجوع نہ ہوں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے دفتر میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی شکایت کی اور کہا کہ سرکاری اسکیمات کا سہرا عہدیدار اپنے سر لے رہے ہیں۔ میڈیا کو انکشافات کے سبب عوام میں حکومت کی نیک نامی متاثر ہورہی ہے۔ اس شکایت کے بعد چیف منسٹر کے ایک سکریٹری نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے پابند کیا کہ وہ میڈیا سے رجوع نہ ہوں۔ واضح رہے کہ حکومت کے وعدوں کی عدم تکمیل اور دیگر اداروں کے مسائل کو منظر عام پر لانے میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا کوئی رول نہیں۔ اخبار نے اپنے ذرائع اور عوامی شکایات کی بنیاد پر مختلف اسکیمات میں سست رفتاری اور دیگر اُمور کو اُجاگر کیا لیکن اس کا خمیازہ عہدیداروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بارہا عہدیداروں پر دباؤ بنایا جارہا ہے کہ وہ کسی بھی معاملہ میں میڈیا کو اطلاع نہ دیں اور ہر کام کا سہرا حکومت کے سر باندھیں۔ واضح رہے کہ جاریہ مالیاتی سال حکومت کی کئی اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار انتہائی سست ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتی بہبود کیلئے جو بجٹ مختص کیا گیا اس کی پہلی مکمل قسط ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔ حکومت نے اقلیتوں سے متعلق کئی اعلانات کئے تھے جو ابھی تک محض اعلانات ہیں ان پر عمل آوری نہ ہونے سے متعلق اخبارات میں انکشافات پر حکومت کی ناراضگی اور عہدیداروں پر برہمی باعث حیرت ہے۔ اقلیتی بہبود سے متعلق کئی امور کی روز نامہ ’سیاست‘ میں اشاعت کے بعد ہی حکومت اور عہدیداروں نے کارروائی کی جس کا تازہ ترین ثبوت مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT