Thursday , December 14 2017
Home / اضلاع کی خبریں / محکمہ ایکسائز میں بدعنوانی اور رشوت خوری عروج پر

محکمہ ایکسائز میں بدعنوانی اور رشوت خوری عروج پر

11 ماہ میں 6 ملازمین اے سی بی کے جال میں پھنسے
کریم نگر /23 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ ایکسائز میں گیارہ ماہ کے عرصہ میں چھ ایکسائز ملازمین کو بدعنوانی اور رشوت خوری کے الزامات کا مرتکب پایا گیا۔ ضلع کریم نگر میں محکمہ ایکسائز کے انسپکٹر اور جونیر اسسٹنٹ کو رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے سی بی عہدہ داروں نے پکڑا، جب کہ انھیں خدمات سے برطرف کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ علاوہ ازیں کئی ایکسائز ملازمین و عہدہ دار ڈیوٹی سے غفلت برتتے ہوئے پکڑے گئے اور کئی ملازمین کو معطل بھی کیا گیا، تاہم اس کے باوجود محکمہ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین اور عہدہ داروں کی کار کردگی میں بہتری یا بدلاؤ نہیں آیا۔ بتایا گیا ہے کہ پچھلے گیارہ ماہ کے دوران چھ ایکسائز ملازمین جو کہ منتھنی ضلع کریم نگر میں محکمہ ایکسائز میں برسر خدمت تھے، اے سی بی کے جال میں پھنس چکے ہیں، جب کہ ان میں ایک سی آئی بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایکسائز انسپکٹر تاسندوں کی سوسائٹی کے صدر سے آٹھ ہزار روپئے رشوت قبول کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ علاوہ ازیں سینئر اسسٹنٹ محکمہ ایکسائز دو ہزار روپئے رشوت قبول کرنے کے دوران اے سی بی کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اس سے قبل کریم نگر اے سی بی ڈی ایس پی ٹی سدرشن گوڑ نے دھاوا کرتے ہوئے سال 2014ء میں سرسلہ ایکسائز سینئر اسسٹنٹ کو کریم نگر ایکسائز ڈپٹی کمشنر دفتر میں پندرہ ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔ اسی طرح 3 دسمبر 2014ء کو کوآپریٹیو سپرنٹنڈنٹ سریندر ریڈی کو ایکسائز سپرنٹنڈنٹ دفتر کریم نگر میں پندرہ ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا تھا اور مذکورہ عہدہ دار کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے ایس آئی، سی آئی اور ڈپٹی کمشنر ہر ماہ گڑمبا تیار کرکے فروخت کرنے والوں سے معمول وصول کرتے ہیں۔ ضلع میں 298 وائن شاپس اور 45 بارس ہیں۔ علاوہ ازیں مواضعات میں دو تا چار بیلٹ شاپس بھی چلائے جاتے ہیں۔ چنانچہ ہر ماہ باقاعدہ ایکسائز محکمہ کو معمول مقرر ہے، جو پابندی سے ادا کیا جاتا ہے۔ محکمہ اے سی بی کی جانب سے دھاووں اور گرفتاری کے باوجود بدعنوانی اور رشوت ستانی ناجائز شراب کے کاروبار کرنے والوں سے معمول وصول کرنے میں کوئی فرق نہیں آیا۔

TOPPOPULARRECENT