Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کو یوم تاسیس تلنگانہ پر خوشخبری

محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کو یوم تاسیس تلنگانہ پر خوشخبری

ملازمتیں باقاعدہ بنانے احکامات کی اجرائی متوقع ، 23 ہزار ملازمین کو فائدہ ممکن
حیدرآباد۔24مئی (سیاست نیوز) محکمہ برقی میں کنٹراکٹ پر خدمات انجام دے رہے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر احکام جاری کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اور 23ہزار سے زائد ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے تیاریا ں مکمل کی جاچکی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 10سال سے زائد عرصہ سے محکمہ برقی میں کنٹراکٹ اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے جو رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میںلائی گئی تھی ان اصولوں کے مطابق ہی کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو محکمہ میں ضم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ان احکامات کی اجرائی کے سلسلہ میں بتایاجاتا ہے کہ محکمہ برقی کے عہدیداروں سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلسل ربط میں ہیں اور توقع ہے کہ 2جون کو اس سلسلہ میں احکام کی اجرائی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے ۔ محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنائے جانے کے فوری بعد دیگر محکمہ جات کے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں کاروائی کا آغاز متوقع ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین جن کی خدمات باقاعدہ بنائی جائیں گی ان کے لئے متعین کردہ رہنمایانہ اصولوں میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنائے جانے کے بعد جو ملازمین باقی رہ جائیں گے ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ محکمہ برقی میں کنٹراکٹ خدمات کو مکمل طور پر برخواست کرنے کی سمت کی جانے والی اس پیشرفت کے متعلق محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنائے جانے کے بعد ملازمین میں جواب دہی کے احساس میں اضافہ ہوگا اور محکمہ کی خدمات میں بہتری پیدا ہونے کی قوی توقع ہے۔بتایاجاتا ہے کہ 2جون کو 23ہزار سے زائد ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنائے جانے کے فوری بعد مابقی ملازمین کے مستقبل کے متعلق غور کیا جائے گا ۔محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایاکہ یوم تاسیس تلنگانہ سے قبل ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے احکامات کی اجرائی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT