Tuesday , August 21 2018
Home / شہر کی خبریں / محکمہ صحت میں 3943 جائیدادوں پر تقررات

محکمہ صحت میں 3943 جائیدادوں پر تقررات

آر ایم او ‘ سی ایس ایس و دیگر جائیدادیں شامل ‘سکریٹری محکمہ فینانس این شیو شنکر کے احکام
حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ صحت کے تحت ویدودھان پریشد کے ہاسپٹل میں 3943 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری محکمہ فینانس این شیوشنکر نے آج احکامات جاری کیے ۔ جی او ایم ایس 179 کے مطابق محکمہ صحت و خاندانی بھلائی میں حکومت کو تجویز پیش کی تھی کہ تلنگانہ ویدودھان پریشد کے تحت چلنے والے ہاسپٹلس میں 3943 نئی جائیدادیں قائم کی جائیں۔ حکومت نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت سی ایس ایس، آر ایم ا و کی 483، ڈپٹی سیول سرجن 685، سیول اسسٹنٹ سرجن 1191، ڈینٹل سیول سرجن 12، ڈپٹی ڈینٹل سرجن 16، ڈینٹل اسسٹنٹ سرجن 10 کے علاوہ دیگر 30 مختلف جائیدادوں کے لیے تقررات کی منظوری دی گئی۔ ان جائیدادوں میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سپرنٹنڈنٹ، سینئر اسسٹنٹ، جونیئر اسسٹنٹ، فارمسی سوپر وائزر، فارمسسٹ، لیاب ٹیکنیشین، ہیلتھ انسپکٹر، چیف ریڈیو گرافر، فزیو تھیراپسٹ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، ہیڈ نرس، اسٹاف نرس اور دیگر جائیدادیں شامل ہیں۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود منظورہ جائیدادوں کی تفصیلات پر راست تقررات کے لیے متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی سے رجوع کرے گا۔ اسی دوران حکومت نے چیف منسٹر کے کیمپ آفس میں ایڈیشنل پرائویٹ سکریٹری کی اضافہ جائیداد کو منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ عہدہ نئی دہلی میں واقع چیف منسٹر کے کیمپ آفس رہے گا۔ جی اے ڈی کے ذریعہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
وزیر صحت کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے 3943 جائیددادوں پر تقررات کیلئے منطوری دینے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ غریب عوام کو مفت و معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور سرکاری ہاسپٹلس میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ نئے ہاسپٹلس کے قیام قدیم عمارتوں کیجگہ نئی عمارتوں کی تعمیرات ‘ میڈیکل ہاسپٹلس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ کے سی آر کٹ کو متعارف کرانے جیسے اقدامات کئے گئے ہیں جس سے سرکاری ہاسپٹلس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT