Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / محکمہ موسمیات کیخلاف کسانوں کی پولیس میں شکایت

محکمہ موسمیات کیخلاف کسانوں کی پولیس میں شکایت

بیجوں کے تیار کنندگان سے سازباز ،غلط موسمی پیش قیاسی کا الزام
ممبئی ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) علاقہ مرہٹواڑہ کے ایک گاؤں کے کسانوں نے ہندوستانی محکمہ موسمیات کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ بیجوں اور جراثیم کش ادویات تیار کرنے والوں سے سازباز کے ساتھ مانسون کے اعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ ضلع بیئر میں ماجل گاؤں تحصیل کے تحت ڈنڈرد پولیس اسٹیشن میں پیش کردہ شکایت میں کہا گیا ہیکہ پونا اور قلابہ میں محکمہ موسمیات کے عہدیداروں سے کیڑا مار ادویات اور بیجوں کے تیار کنندگان سے سازباز کرتے ہوئے کسانوں کو لاکھوں روپئے کا نقصان پہنچایا ہے جنہوں نے ان کی موسمی پیش قیاسی کی بنیاد پر تخم ریزی کی تھی۔ آنند گاؤں کے ایک کسان 54 سالہ گنگا بھشن تھاوڑے نے جو شکایت کنندگان میں شامل تھے، پی ٹی آئی سے کہا کہ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے یہ کہتے ہوئے کسانوں کو گمراہ کیا تھا کہ موسم خریف کے دوران جون میں خاطرخواہ بارش ہوگی۔ اس پیش قیاسی کی بنیاد پر کسانوں نے جون سے قبل بیج بونے کا کام مکمل کرلیا تھا۔ ابتداء میں ناکافی بارش کے باوجود بیج بونے کا کام جاری رہا کیونکہ محکمہ موسمیات اچھی بارش کی پیش قیاسی کرتا رہا۔ بیج، کھاد اور کیڑا مار ادویات کی خریدی کے علاوہ مزدوروں کی اجرت پر لاکھوں روپئے خرچ کرتے ہوئے بیج بوئے گئے لیکن پیش قیاسی کے مطابق بارش نہ ہونے کے سبب ساری تخم ریزی رائیگاں ہوگئی۔ متاثرہ کسانوں نے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ اس شکایت پر تبصرہ کیلئے ہندوستانی محکمہ موسمیات کا کوئی عہدیدار دستیاب نہ ہوسکا۔

مانسون نے سارے مہاراشٹرا کا احاطہ کرلیا، کسانوںکو راحت
ممبئی ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون نے بالآخر سارے مہاراشٹرا کا احاطہکرلیا جس سے اچھی بارش اور کسانوں کو راحت ہوئی۔ وسطی مہاراشٹرا اجناس کی پیداوار پیدا کر نے والا اہم علاقہ ہے اور اس علاقہ میں بارش سے کسانوں اور ریاستی انتظامیہ کو راحت پہنچی ہے۔ جولائی میں پہلی مرتبہ جنوب مغربی مانسون اس ریاست کے تمام حصوں میں بارش لے آیا اگرچہ یکم ؍ جولائی سے بوندا باندی کبھی کبھی ہورہی تھی۔ انڈیا میٹورولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اچھی علامت ہیکہ اب سارے مہاراشٹرا کا احاطہ ہوگیا ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT