Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا فیصلہ، اگسٹ میں اعلامیہ متوقع

محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا فیصلہ، اگسٹ میں اعلامیہ متوقع

تلنگانہ کے 31 اضلاع موجودہ پولیس فورسیس ناکافی، پہلے مرحلہ میں 10,000 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا امکان
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکروٹمنٹ کے سلسلہ میں تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ ریاستی محکمہ فینانس سے مجوزہ رکروٹمنٹس کی باقاعدہ منظوری کا انتظار ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آنے اور پھر تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں پائے جانے والے دس اضلاع کی تقسیم کے ذریعہ جملہ 31 اضلاع کا قیام عمل میں لانے کے باعث موجودہ پولیس جمعیت ناکافی ثابت ہورہی ہے جس کی روشنی میں محکمہ پولیس میں نئی جائیدادیں منظور کی گئیں۔ پولیس کو عصری سہولتوں سے لیس کرنے کے لئے نئے رکروٹمنٹس کی شدید ضرورت کے پیش نظر گزشتہ کابینی اجلاس میں تلنگانہ کیلئے جملہ 26,290 پولیس جائیدادوں کے منجملہ پہلے مرحلہ کے تحت 10,000 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلہ میں تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سب سے پہلے محکمہ پولیس میں ہی تقررات عمل میں لائے گئے اور 2015 ء میں دس ہزار سے زائد پولیس کانسٹبلس اور محکمہ فائر سرویس میں فائر مینس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور ان رکروٹمنٹس کے قطعی نتائج ماہ فروری 2017 ء میں جاری کرتے ہوئے ان میں منتخبہ امیدواروں کو احکامات تقررات حوالہ کرکے انھیں ٹریننگ کیلئے روانہ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاست میں 539 مختلف شعبوں میں سب انسپکٹرس جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے ٹسٹ منعقد کیا گیا تھا اور بہت جلد اس کے نتائج کا اعلان کیا جانے والا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس بات کیلئے کوشاں ہے کہ کابینہ میں منظورہ 26,290 سیول، آرمڈ ریزرو، بٹالین کانسٹبلس، اسپیشل پولیس اور شعبہ کمیونکیشن کانسٹبلس کے منجملہ پہلے مرحلہ کے تحت دس ہزار کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔ اسی ذرائع کے مطابق اس مرتبہ ہر پولیس اسٹیشن کیلئے دو ڈرائیورس کے تقررات کئے جائیں گے تاکہ پولیس عہدیداروں اور پولیس اسٹیشنوں کو فراہم کردہ عصری گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال کرسکے۔ اس مرتبہ کئے جانے والے رکروٹمنٹ میں زائداز چار ہزار آرمڈ ریزرو پولیس کانسٹبلس کے تقررات کئے جارہے ہیں کیوں کہ آرمڈ ریزرو پولیس کانسٹبلس کی خدمات بندوبست، گن مینس ڈیوٹی اور ڈرائیونگ کیلئے حاصل کی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد محکمہ پولیس کے مختلف شعبہ جات گرے ہاؤنڈز، آکٹوپس، سی آئی ڈی، انٹلی جنس، پی ٹی سی ، کمیونکیشن، اینٹی کرپشن بیورو و دیگر میں اسٹاف کی کمی پائی جاتی ہے۔ ان شعبہ جات کو مستحکم بنانے اور کارکردگی کو فعال بنانے کے لئے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ناگزیر ہیں جس کے باعث مجوزہ رکروٹمنٹ میں سیول، پولیس بٹالین وغیرہ میں جائیدادوں پر تقررات کیلئے اہمیت دی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس رکروٹمنٹس کیلئے ماہ اگسٹ کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں رکروٹمنٹ نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کی توقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT