Thursday , December 13 2018

مختلف ریاستوں کے صدور پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹس کو قطعیت

آندھراپردیش کے نئے صدر احمد علی خاں مقرر، صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا اعلان

آندھراپردیش کے نئے صدر احمد علی خاں مقرر، صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید نے پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے بشمول 12 ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹس کا اعلان کردیا ہے۔ ناموں کی سفارش نہ ہونے کی وجہ سے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین کا اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو فوری اثر کے ساتھ تحلیل کردیا گیا ہے۔ خورشید احمد سعید نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نئے صدر کے انتخاب کیلئے تین ناموں کی سفارش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ہائی کمان کو ہنوز ناموںکی سفارش نہیں کی گئی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ مسٹر پنالہ لکشمیا 15 ڈسمبر کے بعد ہی تین ناموں کی کانگریس ہائی کمان کو سفارش کریں گے تب تک کشمیر میں کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف رہنے والے سابق وزیر و نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر محمد علی شبیر بھی حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔ صدر اے آئی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید نے پڑوسی ریاست آندھراپردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے نئے صدر کی حیثیت سے مسٹر احمد علی خان کو نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا، گجرات، اترپردیش، پنجاب، راجستھان، اترکھنڈ، چھتیس گڑھ، دمن اینڈدیو، میگھالیہ، آسام، تریپورہ ریاستوں کیلئے بھی نئے صدور کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج پارٹی امور مسٹر جناردھن دیویدی نے خورشید احمد سعید کی سفارشات کو منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کیلئے کئی اقلیتی قائدین اپنی اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں جس میں شہر اور اضلاع کے قائدین بھی شامل ہیں۔ چند قائدین صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کی جانب سے ہائی کمان کو روانہ کی جانے والی فہرست میں اپنے ناموں کو شامل کرانے کی مساعی کررہے ہیں۔ چند قائدین دہلی پہنچ کر اپنے لئے ماحول سازگار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT